سنسنی خیز جیت کے ساتھ انگلش پریمیئر لیگ کی چیمپئن بنی مانچسٹر سٹی ،6ویں بار جیتا خطاب

Taasir Urdu News Network / M.Hassan

لندن ، 23مئی (ہ س)۔مانچسٹر سٹی نے انگلش پریمیئر لیگ کے اپنے آخری میچ میں ایسٹن ولا کو 3-2 سے شکست دے دی۔ اس کے ساتھ ہی یہ ٹیم انگلش پریمیئر لیگ 2021-22 کی فاتح بن گئی۔ مانچسٹر سٹی نے لیور پول کو ایک پوائنٹ سے شکست دے کر 6ویںبارخطاب اپنے نام کر لیا۔ سٹی انگلش پریمیئر لیگ میں لگاتار دوسری بار چیمپئن بنی ہے۔
مانچسٹر سٹی کی اس جیت کے ساتھ ہی لیور پول کا ایک سیزن میں چارخطاب جیتنے کا خواب چکنا چور ہو گیا ہے۔ لیگ کپ اور ایف اے کپ جیتنے والی لیور پول کی ٹیم انگلش پریمیئر لیگ اور چیمپئنس لیگ جیت کر ایک سیزن میں چار خطاب جیتنے کا خواب دیکھ رہی تھی لیکن اس شکست کے بعد یہ خواب چکنا چور ہو گیا۔
سٹی نے لیگ کے آخری دن سیزن کے اپنے آخری میچ میں ایسٹن ولا کے خلاف 0-2 سے پیچھے ہونے کے بعد زبردست واپسی کرتے ہوئے 7 منٹ میں 3 گول کر کے فتح کو یقینی بنالیا۔ اس میچ کے دوران ہی لیورپول کا مقابلہ اینفیلڈ میں وولوز سے تھا۔
آخری دن سے قبل کچھ اس طرح کی صورتحال تھی کہ اگر سٹی ایسٹن ولا کے خلاف ہار جاتی اور لیورپول وولوز کو شکست د ے دیتی تو لیگ کاخطاب لیورپول کے نام ہو جاتا۔ لیورپول نے وولوز کو 2-1 سے ہرانے میں کامیابی بھی حاصل کر لی لیکن گینڈوگین کے 2 اور روڈری کے 1 گول نے سٹی کو فتح دلائی اور لیورپول کا خواب توڑ دیا ۔ سٹی نے لیورپول کو صرف 1 پوائنٹ کے فرق سے پیچھے چھوڑ دیا۔
سیزن کے آخری روز کل 10 میچ کھیلے گئے اور یہ تمام میچز ایک ہی وقت میں مختلف مقامات پر شروع ہوئے۔ ان میچوں سے قبل سٹی کے 37 میچوں میں 90 پوائنٹس تھے جبکہ لیور پول کے 37 میچوں میں 89 پوائنٹس تھے۔ سٹی گول کے فرق میں لیورپول سے کافی آگے تھی، اس لیے لیورپول کو ٹرافی کے لیے نہ صرف اپنا میچ جیتنا تھا بلکہ یہ دعا بھی کرنی تھی کہ سٹی یا تو اپنا میچ ہار جائے یا ڈرا ہو جائے۔حالانکہ اس دوران ایسا کوئی کرشمہ نہیں ہوا اور مانچسٹر سٹی بالآخر چیمپئن بنی۔
مانچسٹر سٹی نے 6ویں بار انگلش پریمیئر لیگ کا خطاب جیتا ہے ۔ اس سے قبل سٹی 2017-18، 2018-19، 2020-21 اور اب 2021-22 میں پریمیئر لیگ کا خطاب اپنے نام کر چکی ہے۔
سیزن کے اختتام پر چیلسی تیسرے نمبر پر رہی جبکہ ٹوٹنہم ہاٹسپر چوتھے نمبر پر رہی۔ یہ چار ٹیمیں اگلے سیزن کی یوئیفا چیمپئنس لیگ کے لیے براہ راست کوالیفائی کر چکی ہیں۔