مادہ روسی سفیدے اہلیان ِ وادی کے لئے مضرصحت :شعیب نبی لون

لوگ سانس کی بیماری اور الرجی کا شکار،اِن کی جگہ دوسرے پیڑلگائے جائیں

سرینگر: سابقہ ایم ایل اے اور ضلع صدر بارہمولہ شعیب نبی لون نے مادہ روسی سفیدے کے گالوں(Pollen)پرگہری تشویش کا اظہار کیا ہے جس وجہ سے وادی کشمیر میں لوگوں کو سانس لینے میں دقت ،الرجی ، بخار اور آنکھوں سے پانی بہنے جیسی مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے انتظامیہ پرزور دیا ہے کہ اِس صورتحال سے نپٹنے کے لئے فوری ٹھوس اقدامات اُٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ پوری وادی میں لوگ روسی سفیدے کے گالوں(پولن)الرجی سے متاثر ہیں اور دمہ کے شکار مریضوں کی حالت زیادہ ہی خراب ہوتی جارہی ہے۔ اس حوالے سے مقامی لوگوں کے ایک وفد نے شعیب لون سے ملاقات کی اور مطالبہ کیاکہ روسی سفیدے کے درختوں کی کٹائی اور شاخ تراشی کی جائے تاکہ فضاء میں کم سے کم روئی کا پھیلاؤ ہو۔انہوں نے بیان میں کہا ہے کہ ’’مقامی لوگوں کے ایک وفد نے مجھ سے رابطہ کیا اور مادہ روسی سفیدوںکی کٹائی کا مطالبہ کیا جو کشمیر کے لوگوں کے لئے مضرِ صحت ہیں۔ انہوں نے کہاکہ انتظامیہ کو چاہیے کہ جنگلات کی کٹائی ،ماحولیاتی خطرے سے بچنے ،آب و ہوا کو بچانے ،مقامی لوگوں میں پولن الرجی کے خطرے کو کم کرنے کے لئے روسی سفیدوںکی جگہ دوسرے پیڑوں کی شجرکاری کی جائے۔