وزیر اعلیٰ یوگی نے نو منتخب ارکان کا خیر مقدم کیا

Taasir Urdu News Network / M.Hassan

لکھنو ،23مئی۔ اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے آج یہاں ودھان بھون احاطہ میں اسمبلی اجلاس سے پہلے میڈیا سے خطاب کیا۔ انہوں نے سبھی منتخب اراکین اسمبلی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ نئی حکومت کے قیام کے بعد 18ویں اسمبلی کا پہلا اجلاس آج سے شروع ہونے جا رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہر سال اسمبلی کا پہلا اجلاس گورنر کی تقریر سے شروع ہوتا ہے۔ آج اسمبلی کو گورنر آنندی بین پٹیل خطاب کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی ترقی اور عوامی بہبود کے لئے گزشتہ تین سالوں سے گورنر کی رہنمائی حاصل ہے۔ آج ان کے خطاب سے رہنمائی لیتے ہوئے ایوان کے تمام ارکان نہ صرف ریاستی حکومت کی ماضی کی کامیابیوں کو بلکہ مستقبل کے لائحہ عمل کو بھی ایوان میں بحث کا موضوع بنائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ سنجیدہ اور موثر بحث کے ذریعے ملک کی سب سے بڑی اسمبلی کے وقار کو بڑھانے میں اپناتعاون دیں گے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس اجلاس میں ریاست کا سال 2022-23 کا بجٹ بھی پیش کیا جائے گا۔ 26 مئی 2022 کو ریاستی حکومت اپنا بجٹ اسمبلی میں پیش کرے گی۔ یہ بجٹ ریاست کے 25 کروڑ عوام کی ترقی، غریبوں کی بھلائی اور سماج کے ہر شہری کے مفادات کے موافق ہوگا۔ اس بجٹ اجلاس میں ایوان کے تمام اراکین شرکت کریں گے اور بجٹ پاس کرکے ریاست کے 25 کروڑ لوگوں کی زندگیوں میں بڑا فرق لانے میں اپناتعاون دیں گے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت ریاست کی ترقی کے لیے آدھی آبادی کے مفادات کے لیے غریبوں، کسانوں اور نوجوانوں کے ساتھ کسی بھی قسم کی بات چیت کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔ اس موقع پر تمام اراکین کو ایوان میں اپنا نقطہ نظر پیش کرنے کا موقع بھی ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ اراکین ایوان میں اسی وقت اپنا نقطہ نظر رکھ سکیں گے جب اپوزیشن ایوان کے ماحول کو مثبت بنانے میں کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت تمام بامعنی اور اہم مسائل پر بات چیت اور جواب دینے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔