پٹرول-ڈیزل کی قیمتیں مستحکم، خام تیل 112 ڈالر سے تجاوز کر گیا

نئی دہلی، 09 مئی۔ روس اوریوکرین کے درمیان جنگ کے دوران عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 112 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی ہے۔ تاہم گھریلو بازار میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں گذشتہ ایک ماہ سے مستحکم ہیں۔ پبلک سیکٹر کی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے دونوں ایندھن کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔ دہلی میں پیر کے روز پٹرول 105.41 روپے فی لیٹر پر رہا، جب کہ ڈیزل 96.67 روپے فی لیٹر پر فروخت ہورہاتھا۔
انڈین آئل کی ویب سائٹ کے مطابق ملک کی اقتصادی راجدھانی ممبئی میں پٹرول کی قیمت 120.51 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 104.77 روپے فی لیٹر ہے۔ وہیں، کولکاتا میں پٹرول کی قیمت 115.12 روپے فی لیٹر ہے، جب کہ ڈیزل کی قیمت 99.83 روپے فی لیٹر ہے۔ اسی طرح چنئی میں پٹرول 110.85 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 100.94 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ روس اوریوکرین جنگ کے درمیان بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ جاری ہے۔ ہفتے کے پہلے کاروباری دن برینٹ کروڈ 112.60 ڈالر فی بیرل پر کاروبار کر رہا ہے، جبکہ ڈبلیو ٹی آئی کروڈ فی ڈالر 109.83 ڈالر پر کاروبار کر رہا ہے۔