ہیٹ مائر کی اہلیہ پر تبصرہ کرنے پر سنیل گواسکر مشکل میں، کمنٹری سے ہٹانے کا مطالبہ

Taasir Urdu News Network / Mosherraf

ممبئی ، 21 مئی ( ایجنسی )راجستھان رائلز اور چنئی سپر کنگز کے درمیان کھیلے گئے میچ کے دوران سابق کرکٹر اور کمنٹیٹر سنیل گواسکر نے شمرون ہیٹمائر کی اہلیہ کے حوالے سے ایک متنازعہ بیان دے دیا۔ اس کے بعد وہ سوشل میڈیا پر ٹرول ہونے لگے۔ ہیٹ مائر آئی پی ایل چھوڑ کر اپنے ملک واپس آگئے تھے، ان کی بیوی بچے کو جنم دینے والی تھی۔ لیکن اب وہ واپس آگئے ہیں۔ گواسکر نے اس حوالے سے ایک متنازعہ بیان دیاہے۔ جمعہ کو کھیلے گئے میچ میں راجستھان نے چنئی کو 5 وکٹوں سے شکست دی۔ ہیٹمائر چنئی سپر کنگز کے خلاف کھیلے گئے میچ میں چھٹے نمبر پر بیٹنگ کرنے آئے تھے۔ اس دوران وہ صرف 6 رنز کے نجی اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔ انہیں پرشانت سولنکی نے پویلین بھیجا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جب ہیٹ مائر بیٹنگ کے لیے آئے ،تو گواسکر نے ان کے والد بننے کا مذاق اڑایا اور کہا کہ ہیٹ مائر کی بیوی نے ڈیلیور کردیا ، کیا ہیٹمائر اب راجستھان کے لیے ڈیلیور کر سکیں گے؟ گواسکر کے اس تبصرے پر کافی تنقید ہو رہی ہے۔ سوشل میڈیا پر صارفین انہیں کمنٹری سے ہٹانے کا مطالبہ بھی کر رہے ہیں۔اہم بات یہ ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب گواسکر نے اس طرح کا متنازعہ بیان دیا ہو۔ اس سے قبل وہ ویراٹ کوہلی کی اہلیہ انوشکا شرما کے بارے میں بھی تبصرہ کر چکے ہیں۔ گواسکر نے آئی پی ایل 2020 میں کوہلی کی اہلیہ پر تبصرہ کیا تھا جس کے بعد انوشکا نے سوشل میڈیا پر ایک طویل پوسٹ لکھ کر ان کے بیان پر تنقید کی تھی،تاہم اس کے بعد گواسکر نے وضاحت بھی پیش کی تھی۔