ملک بھر سے

اے ایم یو: پروفیسر محمد گلریز پرو وائس چانسلر مقرر

Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network – Mosherraf-23 June

علی گڑھ ، 23جو: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی فیکلٹی آف انٹرنیشنل اسٹڈیز کے سابق ڈین اور ویسٹ ایشین اسٹڈیز شعبہ کے سینئر استاد پروفیسر محمد گلریز کو اگلے احکامات تک کے لئے ان کی موجودہ ذمہ داریوں کے ساتھ اے ایم یو کا پرو وائس چانسلر مقرر کیا گیا ہے۔ اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے انہیں ایگزیکٹو کونسل کی جانب سے فوری طور سے مذکورہ عہدے پر مقرر کیا ہے۔ شعبہ مغربی ایشیائی (مشرق وسطیٰ) وشمال افریقی مطالعات کے سابق چیئر، اور ڈائریکٹر، سنٹر آف کنٹینیونگ ایڈلٹ ایجوکیشن اینڈ ایکسٹینشن، اے ایم یو، پروفیسر محمد گلریز،کنفلکٹ ریزولوشن اینڈ پیس اسٹڈیز پروگرام کے کوآرڈنیٹر ہیں۔ وہ ایک وسیع انتظامی اور تحقیقی تجربہ رکھتے ہیں۔ تینتیس سالہ تدریسی اور تحقیقی تجربہ کے علاوہ پروفیسر گلریز نے ڈائریکٹر،سینٹر فار ساؤتھ افریقن اینڈ برازیلین اسٹڈیز (اگست 2015) کے طور پر بھی کام کیا ہے جسے انہوں نے نومبر 2011 میں اے ایم یو میں قائم کیا تھا۔ اس سے قبل (جنوری 1999 سے جنوری 2004 تک) انہوں نے نیشنل یونیورسٹی آف روانڈا، افریقہ میں سیاسی و انتظامی سائنس شعبہ میں وزٹنگ فیکلٹی کے طور پر خدمات انجام دیں۔ وہ اے ایم یو کی ایگزیکٹو کونسل کے ممبر، آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی، اے ایم یو مرشد آباد سنٹر؛ بانی ڈائریکٹر، ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن، اے ایم یو؛ اور ہال آف ریزیڈنس، اے ایم یو کے پرووسٹ رہے ہیں۔پروفیسر گلریز حکومت روانڈا کے گڈ گورننس (کمپوننٹ) فار پاورٹی ریڈکشن اسٹریٹجی پیپر (پی آر ایس پی) پروجیکٹ (2002) کے کسلٹنٹ رہ چکے ہیں۔ انہوں نے سات کتابوں کی تصنیف و تدوین کی ہے اور تحقیقی جرائد میں 37 سے زائد تحقیقی مقالے اور ہندوستان اور بیرون ملک شائع ہونے والی کتابوں میں ابواب تحریر کئے ہیں۔وہ موجودہ وقت میں امن بحالی کے دو طرفہ اور کثیر جہتی دونوں طریقوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے اعتماد سازی کے اقدامات پر کام کر رہے ہیں۔ ان کے اختصاص کے شعبہ جات میں تنازعات کا حل، نسلی تنازعات، سول سوسائٹی اور غربت کا خاتمہ شامل ہیں۔ پروفیسر گلریز نے امریکہ، ایران، پاکستان، لیبیا، روانڈا، جنوبی افریقہ، تھائی لینڈ، برطانیہ، سینیگال، گھانا، سعودی عرب، کرغیزستان اور سری لنکا کی مختلف یونیورسٹیوں میں خطبات دئے ہیں اور کانفرنسوں اور سیمیناروں میں شرکت کی ہے۔ انہوں نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے ایم فل اور پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ہے۔

About the author

Taasir Newspaper