Taasir Urdu News Network – Mosherraf-24 June
فیروز آباد، 24 جون: اتر پردیش کے فیروز آباد ضلع میں جمعہ کی نماز ضلع انتظامیہ کے سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان پرامن طریقے سے مکمل ہوگئی۔ جمعہ کی صبح سے ہی مقامی انتظامیہ کے اہلکار پولیس فورس کے ساتھ تمام مساجد اور دیگر حساس مقامات پر تعینات تھے۔ ڈرون کیمروں سے ہر قسم کی سرگرمیوں پر نظر رکھی جا رہی تھی۔ ضلع میں پرامن ماحول میں نماز جمعہ دوپہر دو بجے اختتام پذیر ہوئی۔ دریں اثنا پولیس نے کہا کہ مرکزی حکومت کی اگنی پتھ اسکیم کے خلاف احتجاج میں عوامی املاک کی توڑ پھوڑ کے الزام میں مزید 4 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اس معاملے میں جمعہ تک کل ملاکر 16 لوگوں کو جیل بھیجا جاچکا ہے۔ اگنی پتھ اسکیم کے خلاف احتجاج کرنے کے لیے فیروز آباد میں آگرہ لکھنؤ ایکسپریس وے پر سرکاری بسوں میں توڑ پھوڑ کرنے والے مزید چار نوجوانوں کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا ہے۔ 17 جون کو فیروز آباد ضلع کے مٹسینا تھانہ علاقے کے تحت آگرہ لکھنؤ ایکسپریس وے پر کچھ نوجوانوں نے اگنی پتھ کے اسکیم کے خلاف احتجاج کے نام پر سرکاری بسوں میں توڑ پھوڑ کرکے سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا۔ جمعہ کو جیل بھیجے جانے والوں میں شیام سندر، پرشانت، دھننجے اور ٹیٹو شامل ہیں۔ انہیں اسٹیشن انچارج سجول پانڈے نے گرفتار کر کے جیل بھیج دیا۔ اس معاملے میں کچھ اور لوگوں کی تلاش جاری ہے۔