بہار

نومنتخب ایم ایل سی قاری صہیب کی مولانا ڈاکٹر ابوالکلام قاسمی شمسی سے ملاقات

Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network – Mosherraf-23 June

اقلیتوں کے مسائل کو ایوان میں اٹھانا میرپہلی ترجیح: قاری صہیب

پٹنہ( پریس ریلیز): آر جے ڈی کے نومنتخب ایم ایل سی ویوتھ راشٹریہ جنتادل کے ریاستی صدر قاری صہیب نے نیوعظیم آباد کالونی پٹنہ میں مولانا ڈاکٹر ابوالکلام قاسمی شمسی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ مولانا قاسمی نے ان کا استقبال کیا اور مبارکباد پیش کی اور مزید ترقیوں کے لئے دعائوں سے نوازا۔اس موقع پر مولانا ڈاکٹر ابوالکلام قاسمی شمسی نے کہا کہ پارٹی نے آپ پر اعتماد کرکے ایم ایل سی بنایا ہے، پہلے آپ ایک کارکن کی حیثیت سے کام کررہے تھے، اب آپ کے اوپر بڑی ذمہ داری آگئی ہے اور لوگوں کو آپ سے امیدیں وابستہ ہیں، اب آپ کی ذمہ داری ہے کہ آپ لوگوں کے توقعات پر کھرے اتریں۔بہار میں بہت سے مسائل بالخصوص مسلم اقلیت کے مسائل ہیں، آپ کی ذمہ داری ہے کہ آپ کی توجہ ان مسائل کی طرف رہے اور آپ زیادہ سے زیادہ عوام وخواص کی آواز بنیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آر جے ڈی کے ذمہ داروں کا یہ فیصلہ قابل ستائش ومبارکباد ہے کہ قاری صہیب کو ایم ایل سی بناکر بہار قانون ساز کونسل میں بھیجا، قاری صہیب اچھے، سنجیدہ اور نوجوان ہیں، امید ہے کہ وہ لوگوں کے توقعات پر کھرے اتریں گے۔ اس موقع پر قاری صہیب نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے مجھ پر اعتماد کیا ہے اور مجھے ایم ایل سی بنایا، میں پارٹی کے پیغام کو آپ سب تک پہنچاتا رہوں گا، پارٹی کے اعلیٰ کمان نے مجھے حکم دیا ہے کہ لوگوں سے ملاقات کروں اور ان کے مسائل سے مزید واقفیت حاصل کروں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں پہلے بھی اقلیتوں کے مسائل اٹھاتا رہاہوں، اب میں ان مسائل کو مضبوطی کے ساتھ ایوان میں اٹھائوں گا۔ پارٹی نے جس طرح اعتماد کیا ہے اور آپ حضرات نے جو توقعات رکھے ہیں، میں اس پر کھرا اترنے کی کوشش کروں گا۔ آپ سب دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ ہمارے حوصلہ کو بلند کرے۔ اس موقع پر مولانا قاری شمیم اخترندوی، مولانا کلیم اختر شمسی اور الحراپبلک اسکول نیوعظیم آبادی کالونی سیکٹر ڈی کے ڈائریکٹر محمد ظفیر عالم موجود رہے اور مختلف مسائل پر تبادلۂ خیال کیا اور پھرآئندہ آنے کی دعوت دی۔

 

About the author

Taasir Newspaper