Taasir Urdu News Network – Mosherraf-11 June
پریاگ راج، 11 جون:اتر پردیش کے پریاگ راج کے شنکر گڑھ ریلوے اسٹیشن پر ہفتہ کی صبح چار مسافر دربھنگہ ایکسپریس ٹرین سے اتر کرجب وہ ریلوے ٹریک عبورکررہے تھے تو اس وقت ٹرین کی زد میں آ گئے۔ حادثے میں تین مسافر موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔جی آر پی انسپکٹر نے بتایا کہ بہار کے دربھنگہ سے چار افراد دربھنگہ ایکسپریس سے پونہ جا رہے تھے۔ ٹرین ہفتہ کی صبح شنکر گڑھ ریلوے اسٹیشن پر کھڑی تھی۔ اس کے بعد اس میں سوار وکاس پاسوان، دیپک پاسوان، منو ساہو اوروکاس پرجاپتی پانی لینے کے لیے نیچے اترے۔ پانی کے ساتھ ریلوے ٹریک عبور کرتے ہوئے چاروں نوجوان چمبل ایکسپریس کی زد میں آگئے۔ حادثے میں وکاس پاسوان، دیپک پاسوان، منو ساہو کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جب کہ وکاس پرجاپتی زخمی ہو گیا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریلوے ملازمین اور اہلکار پہنچ گئے۔ اطلاع پر جی آر پی پہنچی اور زخمی وکاس پرجاپتی کو فوری علاج کے لیے ریلوے اسپتال بھیج دیا گیا۔ متوفی کی لاش قبضے میں لے کر ان کے لواحقین کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔