اعظم خان کا سیاسی قلعہ منہدم ، رام پورلوک سبھا سیٹ پر بی جے پی کی جیت

Taasir Urdu News Network – Mosherraf- 26 June

رامپور ، 26 جون : یوپی اور پنجاب کی دو ریاستوں میں کل تین لوک سبھا سیٹوں (اعظم گڑھ، رام پور اور سنگرور) کے علاوہ چار دیگر ریاستوں میں سات اسمبلی سیٹوں پر ہوئے ضمنی انتخابات کے نتائج اور رجحانات آ چکے ہیں۔بی جے پی نے اتر پردیش کی رام پور لوک سبھا سیٹ سماج وادی پارٹی سے چھین لی ہے۔ بی جے پی امیدوار گھنشیام لودھی نے یہ سیٹ 40 ہزار سے زیادہ ووٹوں کے فرق سے جیتی ہے۔اعظم گڑھ سیٹ پر بھی بی جے پی امیدوار دنیش لال یادو ایس پی صدر اکھلیش یادو کے بھائی دھرمیندر یادو کے بیچ کانٹے کی ٹکر ہے۔دوسری طرف شرومنی اکالی دل (امرتسر) کے امیدوار سمرن جیت سنگھ مان نے پنجاب کی سنگرور لوک سبھا سیٹ جیت لی ہے۔ 77 سالہ مان نے یہ سیٹ آپ سے چھین لی ہے۔انہوں نے آپ امیدوار گرو میل سنگھ کو شکست دی۔ بھگونت مان 2019 میں اس سیٹ سے منتخب ہوئے تھے۔ یہ سیٹ وزیر اعلی بننے کے بعد ان کے استعفیٰ سے خالی ہوئی تھی۔عام آدمی پارٹی کے امیدوار درگیش پاٹھک نے دہلی کی راجندر نگر ودھان سبھا سیٹ سے 11,555 ووٹوں سے الیکشن جیتا ہے۔ دوسری طرف تریپورہ کے وزیر اعلیٰ مانک ساہا نے الیکشن جیت لیا ہے۔مانک ساہا، جو تریپورہ کے قصبے باردووالی سے قسمت آزمائی کر رہے تھے، وزیر اعلیٰ رہنے کے لیے یہ انتخاب جیتنا ضروری تھا۔ تریپورہ کے اگرتلہ سے کانگریس کے سدیپ رائے برمن بھی جیت گئے ہیں۔