اُردو کی حالت ِ زار کے مسئلہ کو اسمبلی میں اٹھائیںگے :رُکن اسمبلی اخترالایمان

Taasir Urdu News Network – Mosherraf-23 June

پٹنہ،23 جون :کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے ریاستی صدر اور بہار قانون ساز اسمبلی میں پارٹی کے لیڈر اخترالایمان نے بہارمیں اردوکی دردناک صورتحال پر تشویش کا اظہار کیاہے۔ انہوں نے کہاکہ بہار سے اردوختم ہونے کے دہانے پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندی اور اردو میں زیادہ فرق نہیں ہے۔ آ ج اخباری نمائندوںسے خصوصی گفتگو میں کہا کہ بہار میں 2 کروڑ کی آبادی اردو کی ہے۔ اب کچھ عرصے سے اُردو کا گلا دبایا جا رہا ہے۔ اردو کی تعلیم کو برباد کیا جا رہا ہے۔ بہار میں اردو پڑھنے لکھنے کا مسئلہ ختم کیا جا رہا ہے۔ کیونکہ بہار میں اُردو اساتذہ کی بحالی نہیں ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت بہار میں 80 ہزار سے زیادہ اردو اساتذہ کی اسامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اردو بنگلہ ٹی ای ٹی کا امتحان 2013 میں منعقد ہوا تھا۔ اس میں 12 ہزار بچے پاس ہونے کے بعد فیل ہوئے، عدالت نے یہ بھی ہدایت کی کہ اردو اساتذہ کی بہت سی جگہیں خالی ہیں۔ انہیں بحال کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ آج ہماری پارٹی کی قانون ساز پارٹی کا اجلاس ہوا۔ جس میں ہم ایوان میں اردو کے حوالے سے آواز اٹھائیں گے۔ اردو زبان کو بچانے کے لیے کام کریں گے جس کا گلا گھونٹ دیا جا رہا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے اگنی پتھ اسکیم کی بھی مخالفت کی اور کہا کہ ہم اس پلان کو لے کر بھی ایوان میں آواز اٹھائیں گے۔