بی جے پی چار سالوں کیلئے نوکری دیتی ہے اور ہم 60سالوں کیلئے نوکری دیتے ہیں:ممتا بنرجی

Taasir Urdu News Network – Mosherraf- 27 June

کلکتہ 27جون (یواین آئی) وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے آج بی جے پی کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہم صرف چار سالوں کیلئے نوکری دینے کے بجائے 60سالوں کیلئے نوکری فراہم کرتے ہیں۔ممتا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت نے 100دن کام کا فنڈ دینا بند کردیا ہے۔ممتا بنرجی مشرقی اور مغربی بردوان اضلاع کے سہ روزہ دورے کے دورا ن افسران کے ساتھ میٹنگ کریں گے اس کے علاوہ سیاسی پروگرام میں بھی شرکت کریں گی۔ایک سرکاری تقریب میں ممتا بنرجی نے کہا کہ ان لوگوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی جو حکومت کے ہیلتھ کارڈ کو تسلیم نہیں کرتے ہیں۔ہم نے پولس کو اس کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔ممتا بنرجی نے طالبات سے اپیل کی کہ وہ شادی کرنے میں جلد بازی نہ کریں۔اگر والدین شادی کرتے ہیں تو ان سے کہیں کہ حکومت نے ہمیں پڑھنے کا موقع دیا ہے، یونیورسٹی میں داخلے مل رہے ہیں اس لئے ہم ابھی پڑھیں گے۔ممتا بنرجی نے کہا کہ روزگار میلے کے ذریعہ ہم 30ہزار افراد کو نوکریاں دیں گے۔بی جے پی نے ہر سال دو کروڑ نوکری دینے کی بات کی تھی مگر اب وہ چار سال کی نوکری دے رہی ہے۔مگر ہم 60سال کی نوکری دینے کے انتظامات کررہے ہیں۔بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بی جے پی کے لوگوں نے 100 دنوں کی اسکیم کیلئے روپے دینا بند کر دیے ہیں۔ 6 ماہ سے تنخواہ نہیں دے رہی۔ممتا بنرجی نے کہا کہ اگر مرکزی حکومت فنڈ جاری نہیں کرتی ہے تو انہیں الوداع کہنے کا وقت آگیا ہے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ بنگال کا گھر، بنگال کی سڑک کا پیسہ بھی روک دیا گیا ہے۔ میں نے ایک وفد بھیجا۔ دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے، ورنہ مسئلہ حل کرنے کے لیے مجھے دہلی جانا پڑے گا۔
ممتا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی اعتراض کررہی ہے کہ ہم نے اسکیموں کا نام بنگال کے نام پر کردیا ہے مگر یہ گجرات کے نام پر ہوسکتا ہے تو بنگال کے نام پر ہونے پر اعتراض کیوں ہے۔انہوں نے کہا کہ گھراسکیم اور دیگر اسکیموں کیلئے ریاستی حکومت کی حصہ داری ہوتی ہے اس لئے ہمیں حق حاصل ہے ہم ان اسکیموں کا نام بنگال کے نام پر رکھیں۔بنگالی نام جاری رہے گا۔ ملک کا نام بھی روشن رہے گا۔ جو بھی سچ بولے گا اس کے خلاف ای ڈی اور سی بی آئی کو ڈرا دیا جاتا ہے۔ممتا بنرجی نے سوال کیا کہ کیا ملک اس طرح چلتا ہے؟ آج بھی میں نے دیکھا کہ مہاراشٹر کے ایک لیڈر کی تمام جائیدادیں ضبط کر لی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے خوف کا ماحو ل کا تیار کررکھا ہے کہ اس لئے بڑے پیمانے پر تاجر ملک چھوڑ کر جارہے ہیں۔