جمعیۃ چلڈرن ولیج انجار کے اسکول نے ریاست گجرات میں سرفہرست مقام حاصل کیا

Taasir Urdu News Network – Mosherraf-15 June

شاہ زکریا حاجی پیر پبلک اسکول کی یتیم طالبہ عابدہ نجمہ نے بارہویں میں بیانوے فی صد نمبر کے ساتھ فرسٹ رینک حاصل کیا
صدر جمعیۃ علما ء ہند مولانا محمود اسعد مدنی نے خصوصی مبارک باد دی

نئی دہلی : جمعیۃ علماء ہند کے زیر اہتمام چلنے والا شاہ زکریا پبلک اسکول جو جمعیۃ چلڈرن ولیج انجار ( کچھ گجرات ) میں واقع ہے ، وہاںآج تقسیم اسناد کا ایک پروگرام منعقدہوا، جس میں مہمان خصوصی کے طور جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی شریک ہوئے ، ان کے علاوہ دہلی ہائی کورٹ کے وکیل ایڈوکیٹ طیب خاں بھی شریک ہوئے ۔اس موقع پر یہ اعلان کیا گیا کہ بارہویں ( ہائر سکنڈری ) میں اسکول نے صد فی صد کامیابی حاصل کی ہے ، نیز بارہویں میں شاہ زکریا پبلک اسکول صد فی صد کامیابی کے ساتھ سرفہرست مقام حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے۔ سب سے بڑی خوشی کی بات یہ ہے کہ اسی اسکول کی عابدہ نجمہ نے بارہویں میں بیانوے فی صد نمبر سے فرسٹ رینک حاصل کیا ہے ۔ اس کے علاوہ کامو بین اکیانوے فی صد کے ساتھ دوسرے نمبر پر اور اسما بین اٹھاسی فی صد کے ساتھ تیسرا مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ۔
اپنے خطاب مولانا حکیم الدین قاسمی نے ایسی اعلی کامیابی حاصل کرنے والی طالبات ، اسکول انتظامیہ اور اساتذہ کو مبارک باددی اور کہا کہ یہ خود جمعیۃ علماء ہند اور اس ادارہ کے بانیوں اور سرپرستوں کے لیے بہت ہی فخرو انبساط کاموقع ہے ، انھوں نے ہاسٹل کی یتیم طالبہ عابدہ نجمہ کی کامیابی پر خاص طور سے مبارک باد دی ۔انھوں نے کہا کہ صدر جمعیۃ علماء ہند حضرت مولانا محمود اسعدمدنی صاحب جو ادارے کے سرپرست ہیں، وہ اس سے بہت مسرور ہیں اور ان کی طرف سے بھی مبارکبادی قبول فرمائیں ۔ ایڈوکیٹ طیب خاں نے بھی اپنے خطاب میں سبھی طلبہ و منتظمین کو مبارک باددی ، انھوں نے کہا کہ آج چلڈرن ولیج آکر مجھے بہت خوشی ہوئی ، یہاں کا سسٹم اور پرسکون ماحول یقینا فطرت کی عکاسی ہے ۔پروگرام کی منتظمہ رحیمہ بین قریشی نے اپنے خطاب میں بتایا کہ اس سال دو سوسے زائد جلد طالب علم اسکول میں داخل ہوئے ہیں ،ہم نے گرمی چھٹی کے لیے سرکاری طور سے متعین مدت سے تیرہ دن قبل ہی اسکول شروع کردیا ۔ نیز ہم اپنے بچوں کو اولاد کی طر ح تربیت دیتے ہیں، اسکول میں تعلیم کا وقت نصف یوم پر ختم ہو جاتا ہے ، اس کے بعد شام تک کے لیے یہیں ٹیوشن کا انتظام ہے ، بچوں کو باہر کہیں ٹیوشن لینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
واضح ہو کہ جمعیۃ چلڈرن ولیج کچھ (انجار) میں سال ۲۰۰۱ء میں آئے بھیانک زلزلہ کے بعد یتیم بچوں کے لیے قائم کیا گیا ، اس کا قیام حضرت فدائے ملت مولانا سید اسعد مدنی ؒ سابق صدر جمعیۃ علماء ہند کے ہاتھوں عمل میںآیا ، یہ جگہ مولانا اسعد مدنی ؒ کو وہاں کے ایک برہمن نوین چند بھاٹیہ نے ہدیہ کیا تھا ، وہ زلزلہ کے موقع پر جمعیۃ کی خدمات سے اس قدر متاثر تھے کہ مردخدا مولانا اسعد مدنی ؒ کو اپنے ساتھ چلنے کو کہا اور کہا کہ جہاں تک آپ چلیں گے یہ زمین آپ کے کام کے لیے دے دی جائے گی۔یہ ادارہ زیادہ تر ایسے بچے اور بچیوں کی کفالت کرتا ہے جن کا کوئی سہار ا نہیں ہے ۔ اس کے علاوہ یہاں انگلش اور گجراتی میڈیم کے اسکول بھی قائم ہیں ، یہاں کے طلبہ بھارت اسکائوٹ اینڈ گائیڈ کی تربیت میں پاکر کئی گورنر ایوارڈحاصل کرچکے ہیں ۔اس موقع پر مفتی انیس صاحب بھی شریک رہے ۔