دروپدی مرمو کو زیڈ پلس زمرہ کی سیکورٹی فراہم کی گئی

نئی دہلی، 22 جون ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی زیر قیادت نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کے صدارتی امیدوار، جھارکھنڈ کے سابق گورنر اور قبائلی رہنما دروپدی مرمو کے لیے سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ مرکزی حکومت نے انہیں ہر وقت زیڈ پلس زمرہ کی سیکورٹی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
صدر جمہوریہ عہدہ کی امیدوار دروپدی مرمو کے زیڈ پلس زمرے کی حفاظت میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے جوان رہیں گے۔ ان کی امیدواری کا اعلان صدر جے پی نڈا نے منگل کی رات بی جے پی کے اعلیٰ ترین پالیسی ساز ادارے پارلیمانی بورڈ کی میٹنگ کے بعد کیا۔
میٹنگ میں وزیراعظم نریندر مودی، جے پی نڈا، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، مرکزی روڈ ٹرانسپورٹ وزیر نتن گڈکری اور مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان اور بورڈ کے دیگر ممبران نے شرکت کی۔
قابل ذکر ہے کہ صدارتی انتخاب کے لیے اپوزیشن جماعتوں نے سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا کو مشترکہ امیدوار کے طور پر میدان میں اتارا ہے۔ موجودہ صدر رام ناتھ کووند کی میعاد 24 جولائی کو ختم ہو رہی ہے۔ اپوزیشن امیدوار کے طور پر سنہا کے نام کے اعلان کے بعد اب اگلے صدر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ 18 جولائی کو ہونے والی ہے۔ نامزدگی فارم بھرنے کا عمل جاری ہے۔ 29 جون نامزدگی داخل کرنے کی ا?خری تاریخ ہے۔
ہندوستھان سماچار