سرفراز خان نے رنجی ٹرافی 2022 میںمچایا دھمال ، 982 رن بنائے

Taasir Urdu News Network – Mosherraf- 26 June

نئی دہلی ،26جون:ممبئی کی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز سرفراز خان رنجی ٹرافی 2022 میں ممبئی کے لیے 980 سے زیادہ رن بنانے میں کامیاب رہے اور انہوں نے ٹیم کو فائنل تک لے جانے کے لیے بہت محنت کی۔ سرفراز خان کے علاوہ ممبئی کے لیے دوسرے سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی یشسوی جیسوال تھے جنہوں نے 498 رن بنائے۔ ایسی صورت حال میں واضح طور پر کہا جا سکتا ہے کہ سرفراز کے علاوہ دیگر بلے بازوں نے ممبئی کی ذمہ داری نہیں سنبھالی ۔رنجی ٹرافی کا 22-2021 کا سیزن دائیں ہاتھ کے بلے باز سرفراز خان کے لیے مضبوط رہا۔ انہوں نے 6 میچوں کی 9 اننگ میں مجموعی طور پر 982 رن بنائے۔ اس دوران ان کا بہترین اسکور 275 تھا جب کہ ان کی اوسط 122.75 تھی۔ اسٹرائیک ریٹ کی بات کریں تو انہوں نے 69.54 کی رفتار سے رن بنائے۔ رنجی ٹرافی کے اس سیزن میں انہوں نے 4 سنچریاں، 2 نصف سنچریاں اسکور کیں جن میں ایک ڈبل سنچری بھی شامل ہے۔ انہوں نے ان 9 اننگ میں 93 چوکے اور 16 چھکے لگائے۔سرفراز خان نے اب تک 24 فرسٹ کلاس میچز کھیلے ہیں جس میں 35 اننگ میں 2351 رن بنائے جبکہ 6 مرتبہ ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کا سب سے زیادہ اسکور 301 ناٹ آؤٹ ہے۔ وہ اب تک فرسٹ کلاس کرکٹ میں 81.06 کی اوسط سے رن بنا چکے ہیں۔ انہوں نے رنجی ٹرافی میں 7 سنچریاں اور 7 نصف سنچریاں بنائی ہیں۔