صدارتی الیکشن:دروپدی مرمو نے داخل کیا پرچہ نامزدگی

Taasir Urdu News Network – Mosherraf-24 June

نئی دہلی، 24جون : صدارتی امیدوار دروپدی مرمو نے بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے کے اُمیدوار کے طور پر اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے۔ اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی کابینہ کے وزرا اور بی جے پی اور این ڈی اے کی حکومت والی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ بھی موجود تھے ۔ معلومات کے مطابق، بی جے پی نے مرمو کی امیدواری کے لیے نامزدگیوں کے چار سیٹ تیار کیے ہیں۔ وزیر اعظم کے علاوہ سینئر مرکزی وزراء راجناتھ سنگھ، امت شاہ اور بی جے پی صدر جے پی نڈا نے کاغذات نامزدگی پر دستخط کئے۔بتا دیں کہ دروپدی مرمو نے جمعرات کو وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی تھی۔ وزیر اعظم مودی نے خود ایک ٹویٹ میں یہ جانکاری دی تھی اور میٹنگ کی تصویریں شیئر کی تھیں۔پی ایم مودی نے کہا تھا کہ دروپدی مرمو جی سے ملاقات کی۔ صدر کے عہدے کے لیے ان کی امیدواری کو ملک بھر اور سماج کے تمام طبقات کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔ زمینی مسائل کے بارے میں ان کی سمجھ اور ہندوستان کی ترقی کے لیے ان کا وژن بہترین ہے۔آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ جگن موہن ریڈی نے جمعرات کو این ڈی اے کی صدارتی امیدوار دروپدی مرمو کی حمایت کی، جو اس عہدے کے لیے انتخاب لڑنے والی پہلی قبائلی خاتون ہیں۔ریاستی حکومت کے ایک سرکاری بیان کے مطابق- سی ایم جگن کا کہنا ہے کہ ان کی پارٹی ہمیشہ ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیتی برادریوں کی نمائندگی پر زور دیتی ہے۔اہم بات یہ ہے کہ صدر کے عہدے کے لیے انتخاب 18 جولائی کو ہوگا۔ وہ اوڈیشہ سے کسی بڑی سیاسی جماعت یا اتحاد کی طرف سے پہلی صدارتی امیدوار ہیں۔ وہ جھارکھنڈ کی پہلی خاتون گورنر ہیں۔ وہ 2015 سے 2021 تک جھارکھنڈ کی گورنر رہیں۔