مرکزی حکومت یکم جولائی سے سنگل یوز پلاسٹک پر پابندی لگائے گی

Taasir Urdu News Network – Mosherraf- 28 June

نئی دہلی، 28 جون: مرکزی حکومت یکم جولائی سے ایک بار استعمال ہونے والے پلاسٹک پر پابندی نافذ کرنے کے لیے قومی اور ریاستی سطح پر کنٹرول روم قائم کرے گی۔ یہ کنٹرول روم ایسے پلاسٹک کی غیر قانونی تیاری، درآمد، ذخیرہ، تقسیم اور فروخت کی نگرانی کریں گے۔ ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت نے کہا کہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے کہا گیا ہے کہ وہ سرحدی چوکیاں قائم کریں تاکہ کسی بھی ممنوعہ سنگل یوز پلاسٹک اشیاء کے بین ریاستی تبادلے کو روکا جا سکے۔ وزارت نے کہا کہ ایک بار استعمال ہونے والی پلاسٹک اشیاء کی وجہ سے آلودگی سے نمٹنا تمام ممالک کے لئے ایک بڑا چیلنج بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے پلاسٹک کے استعمال سے سمندری ماحول، زمینی اور آبی ماحولیاتی نظام دونوں پر پڑنے والے منفی اثرات کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے۔ اسی کے پیش نظر حکومت نے یہ قدم سنگل یوز پلاسٹک کی آلودگی کو کم کرنے کے لیے اٹھایا ہے۔ ممنوعہ اشیاء کی فہرست میں پلاسٹک بڈس، غباروں کی پلاسٹک کی سیخ، پلاسٹک کے جھنڈے، کینڈی کی چھڑیں، آئس کریم اسٹیک، سجاوٹ کے لیے پولی اسٹیرین (تھرموکول)، پلاسٹک کی پلیٹیں، کپ، گلاس، کٹلری جیسے کانٹے، چمچ، چاقو وغیرہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اسٹرا، ٹرے، ریپنگ یا پیکجنگ فلم، سویٹ بکس، دعوتی کارڈ، سگریٹ کے پیکٹ اور 100 مائکرون سے کم پلاسٹک یا پی وی سی بینرز۔ اس سلسلے میں پلاسٹک ویسٹ مینجمنٹ ترمیمی ایکٹ 2021 اور 2022 کے تحت جامع رہنما خطوط جاری کیے گئے ہیں۔