وادی میں لگاتار بارش سے جہلم ندی خطرے کے نشان سے اوپر

Taasir Urdu News Network – Mosherraf-22 June

سرینگر ،22جون:وادی کشمیر میں لگاتار بارش ہونے کی وجہ سے درجۂ حرارت نیچے آگیا ہے اور بالائی علاقوں میں برفباری بھی ہوئی ہے۔ مشہور امرناتھ گپھا بھی سفید چادر سے لپٹ گیا ہے اورحکومت نے مختلف اضلاع میں اسکول اور دوسرے تعلیمی ادارے بند کردیئے۔لگاتار موسلا دھار بارش کی وجہ سے جموں سرینگر شاہراہ دوسرے دن بھی بند رہی اور سیکڑوںگاڑیاں وہاں پر پھنس گئیں۔مغل روڈ جو کشمیر کو پونچھ اور راجوری سے ملاتا ہے پر بھی تودے گرنے کی وجہ سے بند کیاگیا۔ شاہراہ کو صاف کرنے کے لئے دن رات کام کیاجارہا ہے۔ ایک ترجمان کے مطابق ہزار سے زیادہ گاڑیاں بانہال کے قریب پھنس گئی ہیں لگاتار بارش کی وجہ سے کام کرنے میں دشواری آرہی ہے۔ اس دوران جہلم ندی میں بھی پانی خطرے سے نشان سے اوپر ہوگیا ہے۔ محکمۂ فلڈ کنٹرول نے کہا کہ ان کے اسٹاف کو جہلم کے دونوں کناروں پر ڈیوٹی پر لگایا گیا ہے تاکہ وہ یقینی بنائیں کہ جہلم کا پانی علاقو ں میں نہ آجائے۔کئی دنوں سے بارش کی وجہ سے پانی کی سطح بڑھ گئی ہے۔سرینگر میونسپلٹی نے بھی کئی علاقوں سے پانی نکالنے کے لئے پمپ استعمال کیا۔ سرینگر کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا اور لوگوں کے نقل وحمل میں دشواری پیدا ہوگئی۔