آرین خان پاسپورٹ کیلئے ممبئی کورٹ کا کھٹکھٹایادروازہ

Taasir Urdu News Network – Mosherraf- 1st July

ممبئی ، یکم جولائی :کروز شپ ڈرگ کیس میں کلین چٹ پانے والے بالی ووڈاسٹارشاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان نے پاسپورٹ واپس لینے کے لیے ممبئی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔کروز شپ ڈرگ کیس میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم کی جانب سے ان کے خلاف الزامات ختم کرنے کے تقریباً ایک ماہ بعدآرین خان نے اپنا پاسپورٹ واپس حاصل کرنے کے لیے این سی بی کی خصوصی عدالت سے رجوع کیا ہے۔اہم بات یہ ہے کہ 24 سالہ آریان خان نے بھی اپنے ضمانتی مچلکے منسوخ کرنے اور کیس سے بری کرنے کا باضابطہ حکم مانگا ہے۔ آریان خان کی درخواست بنیادی طور پر اس بنیاد پر دائر کی گئی ہے کہ ان کے اور پانچ دیگر کے خلاف چارج شیٹ داخل نہیں کی گئی ہے۔خصوصی این ڈی پی ایس جج وی وی پاٹل نے جمعرات کواین سی بی کو درخواست پر اپنا جواب داخل کرنے کی ہدایت دی اور معاملے کی سماعت 13 جولائی2022 کو مقرر کی۔این سی بی ایس آئی ٹی نے گزشتہ ماہ اپنی چارج شیٹ میں آرین خان، اوین ساہو، گوپال آنند، سمیر سہگل، بھاسکر اروڑہ اور مناو سنگھل کو کلین چٹ دے دی تھی۔ بیس ملزمان میں سے14کواین ڈی پی ایس ایکٹ 1985 کی مختلف دفعات کے تحت ملزم بنایا گیا تھا۔ان بیس ملزمان میں ارباز مرچنٹ، آرین خان کے دوست، منمن دھمیچا، وکرانت چھوکر، موہک جیسوال،منیش راجگڑیا، اچیت کمار اور دیگر شامل ہیں۔