اپوزیشن کے ہنگامے کے باعث راجیہ سبھا کی کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 27th July

نئی دہلی، 27 جولائی :حکمراں پارٹی اور اپوزیشن کے اپنے اپنے موقف پر قائم رہنے کی وجہ سے راجیہ سبھا میں جاری تعطل ختم نہیں ہوسکا اور بدھ کو اپوزیشن کے ہنگامہ آرائی کی وجہ سے ایوان کی کارروائی معطل کردی گئی اور تین بار التوا کے بعد دن بھر کے لئے ملتوی کر دی گئی۔عام آدمی پارٹی کے سنجے سنگھ کو بھی ہفتے کی باقی ماندہ مدت کے لیے ایوان سے معطل کر دیا گیا جب منگل کو اپوزیشن کے 19 اراکین کو اس ہفتے کے لیے ایوان سے معطل کر دیا گیا۔اس سے اپوزیشن جماعتوں کے رویے میں شدت آگئی اور انہوں نے ایوان میں ہنگامہ آرائی کی اور مسلسل کارروائی میں خلل ڈالا۔ایوان کی کارروائی چوتھی بار شروع ہوئی تو اپوزیشن جماعتوں نے پھر ہنگامہ شروع کر دیا۔پریزائڈنگ ڈپٹی چیرمین بھونیشور کلیتا نے کئی بار اپوزیشن ارکان سے اپیل کی کہ وہ اپنی جگہوں پر لوٹ جائیں اور ایوان کو خوش اسلوبی سے چلنے دیں لیکن کام نہ ہوتا دیکھ کر انہوں نے کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی کر دی۔آپ کے سنجے سنگھ کو اس ہفتے راجیہ سبھا کی بقیہ مدت کے لیے ایوان کے فلور کی طرف کاغذات پھاڑنے اور کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے پر معطل کر دیا گیا تھا۔وقفہ صفر کے ملتوی ہونے کے دوران بعد کی کارروائی شروع ہونے پر ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نے ایوان کو بتایا کہ مسٹر سنگھ نے کل کرسی کی طرف کاغذات پھاڑ کر پھینک دیے تھے۔
ڈپٹی چیئرمین نے کہا کہ مسٹر سنگھ کا یہ طرز عمل ایوان کے منظور شدہ اصولوں کے مطابق نہیں ہے۔ اس لیے ان کے خلاف رول 256 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ اس کے بعد پارلیمانی امور کے وزیر مملکت وی مرلی دھرن نے مسٹر سنگھ کو اس ہفتے کی بقیہ مدت کے لیے معطل کرنے کی تجویز پیش کی جسے ایوان نے صوتی ووٹ سے منظور کر لیا۔مانسون اجلاس کے پہلے دن سے ہی اپوزیشن اور حکمراں جماعت کے درمیان جاری کشیدگی ختم نہیں ہو سکی ہے اور کارروائی میں مسلسل خلل پڑ رہا ہے جس کی وجہ سے گزشتہ آٹھ دنوں میں کوئی قابل ذکر قانون سازی نہیں ہو سکی۔