تیز رفتاربس کھائی میں جا گری 19افرادہلاک

کوئٹہ ،3جولائی – بلوچستان کے شہر ڑوب کی تحصیل شیرانی کے علاقے دانہ سر میں واقع پہاڑی سلسلے کے قریب مسافر کوچ کھائی میں گرنے سے 19 افراد جاں بحق جبکہ 11 زخمی ہوگئے۔اسسٹنٹ کمشنر شیرانی مہتاب شاہ کے مطابق حادثہ اتوار کی صبح تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، بس اسلام آباد سے کوئٹہ آرہی تھی جس میں 30 سے زائد مسافر سوار تھے۔سول ہسپتال ڑوب کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈاکٹر نور الحق نے بتایا کہ ہسپتال میں لائے گئے چند زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے اور ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں جہاں سے جاں بحق افراد کی لاشیں سول ہسپتال ڑوب اور سول ہسپتال مغل کوٹ منتقل کی گئیں، مرنے والے افراد کی شناخت کا سلسلہ جاری ہے۔دوسری جانب وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے دانہ سر ڑوب کے قریب مسافر کوچ حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔اس ضمن میں جاری ایک بیان کے مطابق وزیراعلیٰ نے ڑوب انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کو جائے حادثہ پر بھرپور امدادی سرگرمیوں کی ہدایت کی۔وزیر اعلیٰ نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ ڑوب ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر کے زخمیوں کا علاج اور دیکھ بھال یقینی بنائی جائے۔ساتھ ہی انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے حادثے میں جاں بحق افراد کے لیے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔اس سے قبل گزشتہ ماہ بھی ڑوب میں قومی شاہراہ پر قلعہ سیف اللہ کے قریب مسافر بس سیکڑوں فٹ گہری کھائی میں گرنے سے 22 افراد جاں بحق اور ایک بچہ زخمی ہوگیا تھا۔