لاپتہ بچوں کی لاش نہر سے برآمد

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 11th Aug

بارہ بنکی،11اگست: اترپردیش کے بارہ بنکی ضلع کے فتح پور علاقے میں واقع مبینہ طورسے اپنے ماموں کے ساتھ گھر سے نکلنے کے بعد لاپتہ ہو ئے دوبچوں کی لاش ایک نہر سے برآمد ہوئی ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ کوتوالی علاقے کے گاؤں بسارا کے رہنے والے رام کشور کے بچوں کرشنا (7) اور دیویانش (5) کی لاشیں بدھ کے روز ستریکھ کے ہرکھ روڈ پر گاؤں بھگوان پور کے قریب ایک نہر سے برآمد کی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں بچے پیر کی شام اپنے ماموں مہندر کمار کے ساتھ گھر سے نکلے تھے۔ اس کے بعد سے ان کا کچھ پتہ نہیں چل سکاتھا۔ مہیندر پچھلے ڈھائی ماہ سے رام کشور کے گھر پر ہی رہ رہا تھا اور وہ رام کشور کے بیٹوں کو ہر روز اسکول چھوڑ کر اسکول سے گھر لاتا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ پیر کی شام مہندر اپنے دونوں بھتیجوں کے ساتھ گھر سے نکلا تھا۔ رات گئے تک واپس نہ آنے پر اہل خانہ نے اس کی تلاش شروع کی لیکن کچھ پتہ نہ چل سکا۔ منگل کو متاثرہ کے والد نے مہندر کے خلاف بچے کے اغوا کی رپورٹ درج کرائی تھی۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ انوراگ وتس نے بتایا کہ دونوں بچوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے اور مہندر کی تلاش جاری ہے۔