جگ دیپ دھن کھڑ نے ملک کے 14ویں نائب صدرکا حلف اُٹھایا

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 11th Aug

نئی دہلی ، 11اگست: جگدیپ دھن کھڑ نے 11 اگست2022 کو راشٹرپتی بھون میں دوپہر 12.30 بجے نائب صدر کے عہدے کا حلف لیا۔ انہیں صدر دروپدی مرمو نے عہدے کا حلف دلایا۔ حلف برداری کی تقریب کے دوران راشٹرپتی بھون میں سابق صدر رام ناتھ کووند، وزیر اعظم نریندر مودی، لوک سبھا اسپیکر اوم برلا، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ، نتن گڈکری، اسمرتی ایرانی سمیت کئی مرکزی وزراء￿ موجود تھے۔ جگ دیپ دھن کھر مغربی بنگال کے گورنر بھی تھے اور 6 اگست کو انہوں نے نائب صدر کے انتخاب میں اپوزیشن کی امیدوار مارگریٹ الوا کو شکست دی تھی۔ اس انتخاب میں این ڈی اے امیدوار جگ دیپ دھن کھر کو 528 ووٹ ملے جب کہ مارگریٹ الوا کو 182 ووٹ ملے۔ نائب صدر کے انتخاب میں کل 725 ووٹ ڈالے گئے۔ ان میں سے 710 ووٹ درست پائے گئے۔ جبکہ 15 ووٹ درست نہیں پائے گئے۔دھن کھر کو 74.36 فیصد ووٹ ملے۔ دھن کھر کی جیت کا مارجن 1997 کے بعد ہوئے گزشتہ چھ نائب صدر کے انتخابات میں سب سے زیادہ ہے۔راجستھان کے جھن جھنوں ضلع کے رہنے والے جگ دیپ دھن کھر کے پاس نائب صدر کے انتخاب سے قبل مغربی بنگال کے گورنر کی ذمہ داری تھی۔ بی جے پی کا امیدوار بنائے جانے کے بعد انہوں نے گورنر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔دھن کھر پیشے سے وکیل ہیں۔ان کا تعلق کسان خاندان سے ہے۔ ان کے والد گوکل چندر دھن کھر کھیتی باڑی کرتے تھے۔دھن کھر کو راجستھان ہائی کورٹ میں سینئر وکیل کا عہدہ ملا۔ 71 سالہ دھن کھر کو راجستھان ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ آف انڈیا میں پریکٹس کرنے کا تجربہ ہے۔ 1988 تک وہ ملک کے نامور وکلامیں سے ایک بن چکے تھے۔دھن کھر 1989 میں سرگرم سیاست میں آئے اور جنتا دل کے ٹکٹ پر جھن جھنو ںسے لوک سبھا کے رکن منتخب ہوئے۔1990 میں پارلیمانی امور کے وزیر مملکت کے طور پر کام کیا۔سیاست میں اپنے ابتدائی دنوں میں دھن کھرسابق نائب وزیر اعظم دیوی لال سے متاثر تھے۔ سنہ1991 کے لوک سبھا انتخابات میں دھن کھر کو جنتا دل نے ٹکٹ نہیں دیا جس کے بعد وہ کانگریس میں شامل ہو گئے۔ کانگریس نے انہیں اجمیر کے کشن گڑھ سے ٹکٹ دیا، وہ 1993 میں الیکشن لڑ کر ایم ایل اے بنے۔2003 میں وہ کانگریس سے بھی مایوس ہو کر بی جے پی میں شامل ہو ئے۔جاٹ برادری سے تعلق رکھنے والے دھن کھر کو 2019 میں مغربی بنگال کا گورنر مقرر کیا گیا تھا۔ دوسری طرف دھن کھر نے نائب صدر کے انتخاب کے اعلان کے بعد 17 جولائی2022 کو مغربی بنگال کے گورنر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔