جے ای ای-مینز سیشن 2 کے نتائج کا اعلان، 24 طلبا نے حاصل کئے 100 فیصد نمبر

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 8th Aug

نئی دہلی، 08 اگست :نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی نے پیر، 8 اگست کو ’جے ای ای (مینز) سیشن 2‘ کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ جے ای ای (مینز) کے دوسرے سیشن میں 24 طلبا نے 100 فیصد نمبر حاصل کیے ہیں۔ اس سے قبل گزشتہ ماہ جاری ہونے والے جے ای ای (مینز) کے پہلے سیشن میں کل 14 طلبہ نے 100 فیصد نمبر حاصل کیے تھے۔جے ای ای (مینز) کے پہلے اور دوسرے سیشن میں مجموعی طور پر 9 لاکھ سے زیادہ طلبا نے شرکت کی تھی۔ ہندوستان کے علاوہ دوسرے غیر ملکی شہر جہاں یہ امتحانات منعقد کیے گئے ان میں دوحہ، دبئی، کھٹمنڈو، مسقط، ریاض، شارجہ، سنگاپور، کویت، لاگوس، کولمبو، جکارتہ، ویانا، ماسکو اور بنکاک اہم ہیں۔ نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) اب جے ای ای (مینز)- 2022 کے امتحان کے دونوں سیشنوں کے نتائج کی بنیاد پر امیدواروں کی درجہ بندی کرے گی۔ ان امتحانات میں تقریباً 10 طلبا ایسے ہیں جنہوں نے پہلے سیشن میں 100 فیصد نمبر حاصل کرنے کے باوجود دوسرے سیشن کا امتحان دیا اور دوسرے سیشن میں بھی 100 فیصد نمبر حاصل کئے۔غور طلب ہے کہ جے ای ای مینز میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا جے ای ای ایڈوانسڈ میں شرکت کر سکیں گے۔ جے ای ای ایڈوانسڈ میں بہتر رینک حاصل کرنے والے طلبا کو ملک بھر کے آئی آئی ٹی سمیت نامور انجینئرنگ اداروں میں داخلہ مل جائے گا۔جے ای ای (مینز) کے دوسرے سیشن میں 24 طلبا نے 100 فیصد نمبر حاصل کیے ہیں۔ جن میں مہاراشٹر سے سارنائک موہن ساکالا، راجستھان سے ناویا، میانک موٹوانی، کرشنا شرما اور پارتھا بھردواج، ہریانہ سے سارتھک مہیشوری، آسام سے اسنیہا پاریک، بہار سے ارودپ کمار، پنجاب سے مرنال گرگ، آندھرا پردیش سے کویانہ سوہاس، روی کشور، میندا ہیما وامسی، پلی جلجاکشی اور کارتیکے، تلنگانہ سے روپیش بیانی، دھیرج، جستی یشونت، شیوا ناگا وینکٹا آدتیہ، انی کیت چٹوپادھیائے، کیرالہ سے تھامس بیجو، کرناٹک سے بویا ہرین ساتھوک، جھارکھنڈ سے کشاگرا شریواستو، اتر پردیش سے کنیشک شرم اور سومترا گرگ شامل ہیں۔ان میں سے بہت سے طلبا نے جے ای ای مین کے پہلے سیشن میں بھی 100 فیصد نمبر حاصل کیے تھے۔ ان میں راجستھان سے سارتھک مہیشوری، انیکیت چٹوپادھیائے، دھیرج، کویانا سوہاس، کشاگرا سریواستو، مرنال گرگ، اسنیہا پاریک، ناویا شامل ہیں۔