عمدہ گیند بازی اور بلے بازی کے دم ہندوستانی ٹیم کی زمبابوے پر 10وکٹ سے جیت

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 18th Aug

نئی دہلی، 18 اگست: گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کے بعد اوپنر شیکھر دھون اور شوبھ من گل کی ناقابل شکست سنچری شراکت کی بدولت ہندوستان نے پہلے ون ڈے میں زمبابوے کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔ جمعرات کو ہرارے میں کھیلے گئے اس میچ میں ہندوستانی گیند بازوں نے زمبابوے کی اننگز کو 40.3 اوورز میں 189 رنز پر سمیٹ دیا۔ اس کے بعد ہندوستانی ٹیم نے بغیر کوئی وکٹ کھوئے 30.5 اوورز میں ہدف آسانی سے حاصل کرلیا۔ شیکھر دھون نے 81 اور شوبھ من گل نے 82 رنز کی شراکت کی اور دونوں ناٹ آؤٹ لوٹے۔ اس کے ساتھ ہی تیز گیند باز دیپک چاہر، کرشنا اور اکشر پٹیل نے 3-3 وکٹیں حاصل کیں۔190 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت نے شاندار آغاز کیا اور میزبان ٹیم کے گیند باز کوئی وکٹ نہ لے سکے۔ اوپنر شیکھر دھون نے 113 گیندوں پر 81 رنز کی ناقابل شکست اننگز میں 9 چوکے لگائے۔ وہیںشوبھ من گل نے 72 گیندوں پر 10 چوکے اور 1 چھکا لگا کر ناقابل شکست 82 رنز بنائے۔ دونوں نے 192 رنز کی ناقابل شکست اوپننگ شراکت کی۔اس سے قبل بھارت نے تیز گیند باز دیپک چاہر کی قیادت میں گیند بازوں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت زمبابوے کی اننگز 189 رنز پر سمیٹ دی۔دیپک چاہر نے میزبان ٹیم کے ٹاپ آرڈر کو تہس نہس کر دیا، 27 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ اکشر پٹیل (24 رن پر 3 وکٹ) اورپرسدھ کرشنا (50 رن پر 3 وکٹ) نے بھی چاہر کا ساتھ نبھایا۔زمبابوے نے 110 رنز پر 8 وکٹیں گنوائیں جس کے بعد رچرڈ انگاروا (34) اور بریڈ ایونز (33 ناٹ آؤٹ) نے 9ویں وکٹ کے لیے 70 رنز جوڑے۔ کپتان ری گیس چکابوا 35 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ انہوں نے اپنی اننگز میں 4 چوکے لگائے۔ لوکیش راہل کووڈ-19 اور سرجری کی وجہ سے تقریباً 3 ماہ بعد واپس آئے اور کپتان کی ذمہ داری بھی سنبھالی۔زمبابوے کا آغاز انتہائی خراب رہا اور اس نے 11ویں اوور میں 31 رنز پر 4 وکٹیں گنوا دیں۔ اس کے علاوہ دیپک چاہر اور سراج نے بلے بازوں کو دوسری گیندوں پر کافی پریشان کیا۔ آخر کار چھٹے اوور میں انوسینٹ کوئیا (20 گیندوں میں 4 رنز) کو صبر جواب دے گیا اور وہ چاہر کی گیند پر بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وکٹ کیپر سنجو سیمسن کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔چاہر کے اگلے اوور میں دوسرے کوبھی سیمسن کو کیچ کرایا ۔ سراج نے تجربہ کار شان ولیمز (1) کو پہلی سلپ میں شیکھر دھون کے ہاتھوں کیچ کروایا جبکہ چاہر نے ویزلی مادھویرے (5) کو ایل بی ڈبلیو کر کے زمبابوے کو چوتھا جھٹکا دیا۔