لکھنؤ کے گودام سے 17 لاکھ روپے کی چاکلیٹ چوری

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 17th Aug

لکھنؤ، 17اگست: لکھنؤ کے چنہٹ علاقے میں نامعلوم بدمعاشوں نے ایک گودام سے مشہور چاکلیٹ برانڈ کے تقریباً 150 کارٹن چوری کر لیے۔جن کی قیمت 17 لاکھ روپے ہے۔ معلومات کے مطابق یہ گودام تاجر راجندر سنگھ سدھو کا ہے جو شہر میں ایک ملٹی نیشنل چاکلیٹ برانڈ کے ڈسٹری بیوٹر ہیں۔سدھو نے پولیس کو بتایا کہ کم از کم 150 کارٹن چاکلیٹ جن کی مالیت 17 لاکھ روپے ہے اور بسکٹ کے چند ڈبوں کی چوری ہوئی ہے۔ پولیس میں درج کرائی گئی ایف آئی آر میں سدھو نے کہا کہ وہ حال ہی میں چنہٹ میں واقع اپنے پرانے گھر سے گومتی نگر کے وبھوتی کھنڈ کے اپارٹمنٹ میں شفٹ ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پرانے گھر کو چاکلیٹ تقسیم کرنے کے لیے گودام کے طور پر استعمال کر رہے تھے۔منگل کے روز ان کے پاس چنہٹ سے ایک پڑوسی کا فون آیا جس نے انہیں بتایا کہ ان کے گھر کا دروازہ ٹوٹا ہوا ہے۔ گھر پہنچا تو دیکھا کہ سارا گودام خالی تھا۔ چور اپنے ساتھ سی سی ٹی وی کا ڈیجیٹل ویڈیو ریکارڈر بھی لے گئے۔ سدھو نے پولیس کو بتایاکہ ایک اور پڑوسی نے مجھے بتایا کہ اس نے رات کو ایک پک اپ ٹرک کی آواز سنی اور سوچا کہ میں کچھ سامان لینے آیا ہوں۔ ایسا لگتا ہے کہ اس ٹرک کو شرپسندوں نے چوری کا سامان لادنے کے لیے استعمال کیا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یہ اسٹاک کچھ دن پہلے پہنچا تھا اور اسے شہر میں تقسیم کیا جانا تھا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس ایسٹرن زون سید عباس علی نے کہا کہ علاقے کے دیگر حصوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی جانچ کی جا رہی ہے۔