پانی کی قلت کے باعث انڈین کھلاڑیوں کو پول میں جانے سے منع کردیاگیا

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 16th Aug

نئی دہلی ، 16 اگست:بھارت اور زمبابوے کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا آغاز 18 اگست سے ہو رہا ہے۔ لوکیش راہل کی قیادت میں نوجوان ہندوستانی ٹیم ہرارے پہنچ گئی ہے اور تیاریوں میں مصروف ہے۔ ادھر بھارتی کھلاڑیوں کو پانی کی کمی کا سامنا ہے۔ ان پر پول میں جانے پر پابندی لگا دی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ نہاتے وقت بھی زیادہ پانی نہ ڈالیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی کے ایک اہلکار نے بتایا ہے کہ ہرارے میں پانی کا مسئلہ ہے اور کھلاڑیوں کو اس سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ تمام کھلاڑیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ پانی ضائع نہ کریں، نہانے میں کم از کم پانی خرچ کریں۔ اس کے ساتھ پول سیشن کو بھی روک دیا گیا ہے۔ہرارے میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ تقریباً 20 لاکھ لوگوں کے گھروں کو پانی فراہم کرتا ہے۔ پلانٹ 48 گھنٹے کے لیے بند رہے گا۔ اس سے پانی کی قلت پیدا ہوگی۔ زمبابوے کے دارالحکومت میں 48 گھنٹے تک پانی کی سپلائی نہیں ہوگی۔ اس دوران کھلاڑیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ کم پانی خرچ کریں تاکہ پانی کا مسئلہ نہ ہو۔کھلاڑیوں کو پریکٹس اور نیٹ پریکٹس کے بعد کئی بار نہانا پڑتا ہے۔ ایسے میں پانی کی کمی کی وجہ سے انہیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ابتدا میں شیکھر دھون کو اس دورے میں ہندوستانی ٹیم کا کپتان بنایا گیا تھا لیکن بعد میں لوکیش راہل نے فٹنس ٹیسٹ پاس کیا اور انہیں ٹیم میں شامل کرلیا گیا۔ ان کے ٹیم میں آنے کے ساتھ ہی راہل کو کپتان بنا دیا گیا۔ لوکیش راہل آئی پی ایل کے بعد پہلی بار کوئی میچ کھیلیں گے، وہ انجری کے باعث تقریباً دو ماہ سے کرکٹ سے دور ہیں۔