پولارڈ چھ سو T20 میچ کھیلنے والے پہلے کرکٹر ، طوفانی اننگز کے ساتھ منایا جشن

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 9th Aug

لندن ،9اگست:ویسٹ انڈیز کے دھماکہ خیز آل راؤنڈر کیرون پولارڈ 600 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے والے دنیا کے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں۔ انہوں نے دی ہنڈریڈ لیگ میں لندن اسپرٹ کی جانب سے کھیلتے ہوئے یہ شاندار کارنامہ انجام دیا۔ مانچسٹر اوریجنلز کے خلاف اس میچ میں پولارڈ نے اپنی خاص کامیابی کا جشن خاص انداز میں منایا اور 11 گیندوں پر 34 رنز کی طوفانی اننگز کھیل ڈالی۔ پولارڈ نے لارڈز کے گراؤنڈ پر اپنا 600 واں میچ کھیلتے ہوئے چار چھکے اور ایک چوکا لگایا۔ ان میں سے دو چھکے آخری اوور میں لگے۔نیدرلینڈ کے فاسٹ بولر فریڈ کلاسن کے آخری اوور میں پولارڈ نے دو چھکوں کی مدد سے 12 رنز بنائے اور اس اوور میں مجموعی طور پر 15 رنز بنائے۔ پولارڈ جب بیٹنگ کے لیے آئے تو اننگز میں 30 گیندیں باقی تھیں۔ ان میں سے 11 گیندیں کھیلیں اور 34 رنز بنائے۔ وہ اوپنر جیک کراؤلی (41 رنز) اور کپتان مورگن (37 رنز) کے بعد اپنی ٹیم کے لیے تیسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے۔پولارڈ کی ٹیم 52 رنز سے جیت گئی۔اس میچ میں پولارڈ کی ٹیم لندن اسپرٹ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چھ وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز کا بڑا اسکور بنایا جس کے جواب میں مانچسٹر اوریجنلز کی ٹیم دو گیندیں باقی رہ کر 108 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ اس کے ساتھ ہی لندن کی ٹیم نے یہ میچ 52 کے فرق سے جیت لیا۔ مانچسٹر کے لیے صرف فلپ سالٹ (36 رنز)، سی اے ایبٹ (10 رنز) اور ٹام ہارٹلی (17 رنز) ہی دہائی کے ہندسے کو چھو سکے۔لندن کی جانب سے جارڈن تھامسن نے سب سے زیادہ چار وکٹیں حاصل کیں۔