چینی صدر آئندہ ہفتے سعودی عرب کا دورہ کریں گے

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 14th Aug

بیجنگ ، 14اگست:چین کے صدر شی جن پنگ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اگلے ہفتے سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے صدر سعودی عرب کے اہم دورے پر جائیں گے۔ صدر شی جن پنگ کی شاندار استقبال کے لیے تیاریاں جاری ہیں جب کہ ولی عہد محمد بن سلمان خود ایئرپورٹ پر چینی صدر کا استقبال کریں گے۔یہ ملاقات اس وقت ہونے جا رہی ہے جب حال ہی میں امریکی صدر جوبائیڈن نے خلیجی ممالک کا دورہ مکمل کیا ہے اور سعودی فرمانروا سمیت ولی عہد اور دیگر اعلیٰ حکام سے ریاض میں ملاقات کیں۔قبل ازیں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی میں کئی عرب ممالک نے اسرائیل کو تسلیم کرتے ہوئے سفارتی اور تجارتی تعلقات بحال کیے ہیں اور سعودی عرب نے بھی اسرائیل کے لیے رویہ نرم کیا ہے۔تاہم ان سب کے باوجود چین اور سعودی عرب کے تعلقات اپنی جگہ مضبوط رہے ہیں۔ چین اس وقت سعودی عرب سے تیل خریدنے والا سب سے بڑا ملک ہے اور ایک اہم تجارتی شراکت دار بھی ہے۔خلیجی ممالک کے امور پر نظر رکھنے والے ماہرین کی جانب سے خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ چین اب تجاری معاملات سے ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے افریقہ اور دیگر جگہوں پر عسکری بیسز قائم کرنا چاہتا ہے اور مبینہ طور پر اس کے لیے سعودی عرب سے مدد مانگے گا۔دوسری طرف ’وال اسٹریٹ جرنل‘ نے چونکا دینے والا دعویٰ کیا ہے کہ چینی صدر ممکنہ طور پر نومبر میں انڈونیشیا میں ہونے والے جی-20 سربراہ اجلاس میں اپنے امریکی ہم منصب جو بائیڈن سے ملاقات کریں گے۔امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق فی الحال اس ملاقات کی تصدیق نہیں ہوسکی تاہم جوبائیڈن انتظامیہ بہت عرصے سے اس ملاقات کے لیے کوشاں تھی۔یاد رہے کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور سے شروع ہونے والی چین کے ساتھ معاشی جنگ اور تناؤ تاحال کسی نہ کسی صورت میں برقرار ہے۔