گھاگھرا خطرے کے نشان سے اوپر،نشیبی مکینوں میں خوف و ہراس

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 8th Aug

گونڈہ:08اگست: پہاڑی علاقوں میں گذشتہ دنوں ہوئی بارش اور تمام بیراجوں سے پانی چھوڑے جانے کی وجہ سے اترپردیش کے ضلع گونڈہ کے کرنل نج تحصیل میں گھاگھرا ندی پیر کو خطرے کے نشان کو عبور کرگئی۔ضلع انتظامیہ کی جانب سے فراہم کی گئی جانکاری کے مطابق گھاگھرا کے آبی سطح میں تیزی سے اضافہ ہونے کے بعد ایلگن برجن پر ندی کی آبی سطح خطرے کے نشان کو عبور کر گئی۔ ندی اس وقت خطر کے نشان سے 17سینٹی میٹر اوپر بہہ رہی ہے۔ اس سے آس پاس کے علاقوں میں خاص کر دیہی علاقوں کے لوگوں میں خوف کا ماحول ہے۔ضلع کے نواب گنج تحصیل علاقے میں طغیانی زدہ سریوندی بھی خطرے کے نشان سے محض 03سینٹی میٹر نیچے بہہ رہی ہے۔ سریو کی دھارا ماجھا علاقے کے درجنوں ساحلی گاؤں تک پھیلنے لگی ہے۔ ڈیزاسٹر منجمنٹ ذرائع کے مطابق دونوں ندیوں کی تیز دھار سے متاثر ہورہے گاؤں میں نکہرا، پرتاپ پور، گھر کنڈلی گھرکنوئیا، کاشی پور، دت نگر، ساکی پور، تلسی پور، گوکل پور، اندر پور، جیت پور، ماجھا راٹھ، درگا گنج، مہیش پور سمیت تقریبا 30ساحلی گاؤں سیلاب کے پانی سے گھرتے جارہے ہیں۔ جبکہ دونوں ندیوں کے آبی سطح میں اضافے کی وجہ سے آس پاس کے مکینوں کو محفوظ مقام پر پہنچایا جارہا ہے۔