مصری خاتون کا طلاق منانے کا انوکھا انداز، شادی کا جوڑا جلا ڈالا

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 23rd Sept

قاہرہ ،23ستمبر: مصری میں ایک خاتون نے شوہر سے طلاق لیکر انوکھے انداز میں طلاق کا جشن بھی منا ڈالا اور سب کو حیران کردیا۔ طلاق منانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر پھیل گئی اور صارفین نے اس پر حیرانی کے اظہار کے ساتھ ملا جلا ردعمل دیا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گردش کرتی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک خاتون طلاق کا جشن مناتے ہوئے اپنے شادی کے جوڑے کو آگ لگا رہی ہے۔ ایک صحرا میں خاتون لباس کو نذر آتش کرتے ہوئے کہ رہی ہے ’’ میں نے اپنی یادوں اور شادی کے لباس کو جلا دیا، اللہ کے حکم سے اب میں ایک نیا آغاز کررہی ہوں‘‘۔ سوشل میڈیا صارفین خاتون کی حمایت اور مخالفت کرتے نظر آئے۔طلاق کا جشن منانے والی خاتون ھبہ مبروک نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو اپنی زندگی کی تفصیلات پر مبنی انٹرویو دیا۔ ھبہ مبروک نے بتایا میری شادی 3 سال قبل ہوئی۔ اس وقت میری عمر 22 سال تھی۔ ہمارے ہاں ایک بیٹا پیدا ہوا۔ تاہم شادی کے بعد شوہر کے انوکھے رنگ سامنے آنے شروع ہوئے اور میں نے مختلف اوقات میں اپنے شوہر کی مجھ سے دھوکہ دہی کو 7 مرتبہ پکڑ لیا۔ وہ مجھ سے خیانت کر رہا تھا۔ اتنی مرتبہ دھوکہ دہی پکڑنے کے بعد میرا اس کیساتھ رہنا ناممکن ہوگیا تھا اور میں نے پھر اس سے طلاق لے لی۔ھبہ مبروک نے طلاق کا جشن منانے کا جواز پیش کرتے ہوئے مزید کہا میں نے اپنے شوہر کا سامنا ان حقائق اور شواہد سے کیا تھا جو میں نے اس کے موبائل فون سے حاصل کئے تھے۔ پہلے مجھے امید تھی کہ وہ اپنی حالت درست کرلے گا۔ میں نے اسے کئی مرتبہ معاف کیا کہ وہ اپنی حالت درست کرلے اور اپنی بیوی، بیٹے اور گھر کو برقراررکھ لے۔ لیکن اس نے اپنے وعدوں کی پاسداری نہیں کی اور دھوکہ دہی جاری رکھی۔ اس کے بعد میں اس بات پر قائل ہوگئی کہ ہم دونوں کیدرمیان اب ازدواجی زندگی ٹوٹنے کا خوف برقرار نہیں رہا۔ اس صورتحال پر میں نے طلاق لینے اور اس کا جشن منانے کا فیصلہ کرلیا۔ھبہ نے دوسری لڑکیوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی زندگی کے ساتھی کے انتخاب میں جلدی نہ کریں اور والدین کے مشورہ پر عمل پیرا ہوں تاکہ ایسے شوہر کا انتخاب کیا جاسکے جس کے بعد علیحدگی، طلاق اور خاندان کی تباہی کا نتیجہ سامنے نہ آئے۔