بستواڑہ میں بچہ چور کے شک میں معمرشخص کی پٹائی

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 10th Sept

 سنگھواڑہ دربھنگہ : سمری تھانہ علاقہ کے بستواڑہ گاؤں میں ایک ذہنی طور پر کمزور بوڑھے کی گاؤں والوں نے بچہ چور سمجھ کر مبینہ طور پر پٹائی کردی، اس پورے معاملے کا ویڈیو فوٹیج اور تصویر سوشل سائٹ پر وائرل ہو رہا ہے ۔یہ واقعہ ہفتہ کو پیش آیا۔ سمری تھانہ کی پولیس نے موقع پر پہنچ کر معمر شخص کو بھیڑ سے آزاد کرایا۔متاثرہ شخص کی شناخت مظفرپور ضلع کے پیئر تھانہ حلقہ کے سمراہا گاؤں باشندہ ساگر مہتو کے لڑکے مہیش مہتو طور پر کی گئی ۔جسمانی حالت دیکھ کر بوڑھے کے بارے میں اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ وہ ذہنی طور پر کمزور ہے، گاؤں محلے میں گھومنے پر اہل محلہ نے گھیراؤ کر کے اسے مارا پیٹا، وہ وہاں موجود ہجوم سے التجا کرتا رہا کہ میں بچہ چور نہیں ہوں لیکن اُسکی کوئی نہیں سنا اور اس کے گلے میں گمچھا ڈال کر بے رحمی سے مارا پیٹا، پولیس کی گشتی پارٹی بروقت موقع پر  پہنچ گئی ورنہ بڑا حادثہ ہوسکتا تھا۔تھانہ صدر شمشاد احمد خان نے بتایا کہ متاثرہ شخص کے اہل خانہ کو اطلاع دے دی گئی ہے۔ویڈیو فوٹیج کی نشاندہی پر مار پیٹ کرنے والے افراد کی شناخت کی جا رہی ہے۔