بہار میں ایسا جنتا راج جہاں انتظامیہ خاموش اور مجرم کھلے عام اپنا کام کر رہے ہیں: اپوزیشن لیڈر

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 30th Sept.

پٹنہ ، 30 ستمبر: حزب اختلاف کے رہنما وجے کمار سنہا نے بہار کے آرہ ضلع میں آج صبح بی جے پی کے ایک رہنما کو گولی مار دیے جانے پر ریاستی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار ریاست میں امن و امان کی خراب صورتحال کے ذمہ دار ہیں۔
قائد حزب اختلاف نے آج ٹوئٹ کیا- ’’مجرموں نے آج دن دہاڑے ا رہ میں بی جے پی لیڈر ببلو سنگھ پر گولیاں چلا کر غافل انتظامیہ کو ایک بار پھر چیلنج کیا ہے۔ انہوں مسٹر سنگھ کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔ نتیش کمار جی کیا یہ جنتا راج ہے جہاں انتظامیہ خاموش ہے اور مجرموں کی گولیاں برس رہی ہیں‘‘۔
وجے سنہا نے کہا کہ ریاست میں مجرموں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں لیکن عوام ایسے لوگوں کو برداشت نہیں کرے گی۔ لوگ انہیں کرسی سے اتار دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بالو اور شراب معاملے میں بہار کو برباد کر دیا گیا ہے۔ ان دو وجوہات کی وجہ سے آ ئے روز کئی طرح کے مجرمانہ واقعات رونما ہو رہے ہیں۔ حکومت میں رہنے کے دوران بھی بی جے پی نے بالو اور شراب سے ہونے والے جرائم کے بارے میں آواز اٹھائی۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ریاست میں مجرموں اور بدعنوانوں کی حکومت بننے کے بعد مجرموں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ بی جے پی ایسے لوگوں کے خلاف خاموش نہیں بیٹھے گی۔ بی جے پی جرائم کے خلاف غیر فعال مہاگٹھ بندھن حکومت کے خلاف آواز اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نتیش کمار نروس ہو گئے ہیں۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ نتیش کمار عوامی طور پر اسٹیج سے ہی نائب وزیراعلیٰ کے بجائے تیجسوی یادو کو وزیراعلیٰ کہہ کر مخاطب کرتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ بھوجپور میں بے خوف مجرموں نے بی جے پی لیڈر اور ٹھیکیدار ببلو سنگھ کو گولی مار دی۔ یہ واقعہ ضلع ہیڈکوارٹر ا رہ کے نوادہ تھانہ علاقے کے فرینڈ کالونی میں پیش آیا۔ ببلو سنگھ ا?ج صبح چہل قدمی کے لیے اپنے گھر سے نکلے تھے کہ اچانک مسلح مجرموں نے ان پر فائرنگ کردی جس میں گولی لگنے سے وہ شدید زخمی ہوگئے۔ انہیں فوری طور پر ضلع صدر اسپتال لے جایا گیا، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔