مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ نروتم مشرا کامتنازعہ بیان شبانہ اعظمی، جاوید اختر، نصیرالدین شاہ ٹکڑے ٹکڑے گینگ کے سلیپر ایجنٹ

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 3rd Sept

بھوپال، 3 ستمبر:بلقیس بانو کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کرنے والے 11 گنہگاروں کی جیل سے رِہائی کے خلاف کئی لوگوں نے آواز اٹھائی ہے۔گزشتہ دنوں مشہور اداکارہ شبانہ اعظمی نے بھی بلقیس کے قصورواروں کی رِہائی پر ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔ اب مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ نروتم مشرا نے شبانہ اعظمی کو ان کے بیان پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اپنے قابل اعتراض بیانات کے لیے مشہور نروتم مشرا نے تازہ بیان میں کہا ہے کہ شبانہ اعظمی، جاوید اختر اور نصیرالدین شاہ ٹکڑے ٹکڑے گینگ کے سلیپر سیل ایجنٹ ہیں۔بی جے پی لیڈر نروتم مشرا نے کہا کہ راجستھان میں کنہیا لال کا قتل ہوا، تب ان کے منھ سے ایک لفظ بھی نہیں نکلا۔جھارکھنڈ کے دمکا میں ایک بچی کو زندہ جلا کر مار ڈالا گیا، تو بھی یہ لوگ خاموش تھے۔ بی جے پی حکمراں ریاست میں کچھ ہو جائے تو انھیں ملک میں رہنے پر ڈر لگنے لگے گا۔پھر ایک ایوارڈ واپسی گینگ سرگرم ہو جائے گا۔ اور پھر یہ لوگ گلا پھاڑ پھاڑ کر چیخنے لگتے ہیں۔یہ لوگ اپنی گھٹیا ذہنیت کا ثبوت دیتے ہیں۔ انھیں مہذب اور سیکولر کیسے کہا جا سکتا ہے۔ اب ان سبھی لوگوں کی ملک میں قلعی کھل چکی ہے۔واضح رہے کہ میڈیا کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں شبانہ اعظمی نے بلقیس بانو کیس کے قصورواروں کی رِہائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی تھی۔ انھوں نے کہا تھا کہ یہ حالات انتہائی خوفناک ہیں۔ ایک طرف سے ملک میں خواتین کی قوت کو بڑھانے کی باتیں زور و شور سے کی جاتی ہیں، لیکن ان سب کو دیکھنے کے بعد میں سوچ میں پڑ جاتی ہوں۔