ممبئی ایئرپورٹ18اکتوبر کو 6گھنٹے تک رہے گا بند، معطل رہیں گی تمام پروازیں

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 23rd Sept

نئی دہلی،23ستمبر: ملک کا دوسرا مصروف ترین ایئرپورٹ اگلے ماہ 6 گھنٹے کے لئے بند رہے گا۔ ممبئی ہوائی اڈے پر دیکھ بھال کے کام کی وجہ سے تمام پروازیں معطل رہیں گی۔ نجی ایئرپورٹ آپریٹر نے یہ اطلاع دی ہے۔ ہوائی اڈے کے آپریٹر اڈانی گروپ کے مطابق، ممبئی ہوائی اڈے کے دونوں ایک دوسرے کو ملانے والے رن وے کی 18 اکتوبر 2022 کو مرمت کی جائے گی۔ اس کے اہم رن وے 9/27 اور دوسرے رن وے 14/32 سے روزانہ تقریباً 800 پروازیں چلائی جاتی ہیں۔ اتنی بڑی تعداد میں ہوائی جہازوں کی نقل و حرکت کے معاملے میں ممبئی ایئرپورٹ دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے بعد دوسرے نمبر پر آتا ہے۔اڈانی گروپ نے بتایا کہ چل رہے مرمتی کام کی وجہ سے رن وے 18 اکتوبر کو صبح 11 بجے سے شام 5 بجے تک بند رہے گا۔ یہ رن وے کی مرمت کا حصہ ہے جو ہر سال مانسون کے بعد کی جاتی ہے تاکہ بارش میں آئی خرابی کو دوبارہ ٹھیک کیا جا سکے۔ مرمت کے دوران رن وے 14/32 کی ایج لائٹ کو بھی ٹھیک کیا جائے گا اور ایروناٹیکل گراؤنڈ لائٹ کو بھی اپ گریڈ بھی کیا جائے گا۔چھترپتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی ہوائی اڈے نے کہا ہے کہ رن وے کی بندش کے دوران مسافروں کی سہولت کے لیے تمام پروازوں کو پہلے ہی ری شیڈول کر دیا گیا ہے۔ جس کی وجہ سے مرمت کے دوران پروازیں متاثر ہونے کے باوجود مسافروں کو تکلیف نہیں ہوگی۔ 18 اکتوبر کو صبح 11 بجے سے شام 5 بجے کے درمیان تمام پروازوں کو پہلے یا بعد کے وقت کے لیے ری شیڈول کر دیا گیا ہے۔ جس کی وجہ سے مسافروں کو اپنی منزل تک پہنچنے میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ممبئی ہوائی اڈے سے ملک میں دوسری سب سے زیادہ پروازیں آپریٹ کی جاتی ہیں۔ جب یہ ہوائی اڈہ اپنی پوری صلاحیت کے ساتھ کام کرے گا تو یہ سالانہ نو کروڑ مسافروں کی نقل و حرکت کو سنبھال سکتا ہے۔ کورونا وبا کے بعد پابندی کے باعث پروازوں میں بڑی کمی آئی تھی لیکن اب مسافروں کی تعداد میں دوبارہ اضافہ ہونا شروع ہوگیا ہے۔ 17 ستمبر کو ممبئی ایئرپورٹ پر ایک ہی دن میں ریکارڈ 1,30,374 مسافر پہنچے، جو کہ کورونا وبا کے بعد سب سے زیادہ ہے۔