موہن بھاگوت پہنچے مسجد! عمیر الیاسی سے کیا تبادلہ خیال، ایک ماہ میں مسلم نمائندوں سے دوسری ملاقات

تاثیر نیوزنیٹورک
محمد شاہنواز عالم،22؍ستمبر،2022

آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے جمعرات کے روز ’تنظیم ائمہ مساجد‘ کے چیف امام عمیر احمد الیاسی سے ملاقات کی۔ امام عمیر احمد الیاسی نے بتایا کہ ملاقات ڈیڑھ گھنٹے تک چلی۔ واضح رہے سنگھ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آر ایس ایس سربراہ زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے ملتے رہتے ہیں اور یہ ملاقات بھی اسی کا حصہ ہے۔ موہن بھاگوت نے آل انڈیا مسلم امام آرگنائزیشن کے سربراہ امام عمیر احمد الیاسی سے کستوربا گاندھی مارگ پر واقع مسجد میں ملاقات کی۔ ملاقات کے تعلق سے عمیر احمد الیاسی نے بتایا کہ ڈیڑھ گھنٹے تک چلنے والی اس ملاقات کے دوران وہ اکیلے مسلمان تھے، جبکہ بھاگوت کے ساتھ اندریش کمار، رام لال اور کرشن گوپال بھی موجود تھے۔امام عمیر احمد الیاسی نے بتایا کہ ملاقات کے دوران ملک کے بارے میں بات ہوئی۔ جب ان سے پوچھا کہ کیا انہوں نے اس ماقات کے دوران کوئی بات کہی تو انہوں نے کہا کہ دونوں فریق کا پیغام محبت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل پر بات ہوئی ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل 22 اگست کو بھی پانچ مسلم فکرمند شہریوں نے دہلی میں بھاگوت سے ملاقات کی تھی جس کے بارے میں تین ہفتے بعد ملاقات کرنے والوں کے ایک رکن معروف صحافی شاہد صدیقی نے ایک روزنامہ کو بتایا۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ ملاقات تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہی تھی۔ جس میں ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو مضبوط کرنے اور ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان گہری ہوتی ہوئی خلیج کو ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا تھا۔موہن بھاگوت سے اس ملاقات کی پہل مسلم دانشوروں نے کی تھی، جن میں سابق ایم پی شاہد صدیقی، سابق چیف الیکشن کمشنر ایس وائی قریشی، سابق لیفٹیننٹ گورنر نجیب جنگ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ضمیر الدین شاہ اور تاجر سعید شیروانی شامل تھے۔