پاکستانی کپتان بابر اعظم نے تاریخ رقم کر دی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں روہت شرما کے خاص ریکارڈ کی ہمسری کرلی

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 23rd Sept

کراچی ، 23ستمبر: کراچی میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 10 وکٹوں سے زبردست شکست دے دی۔ انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 200 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے طوفانی اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی۔ بابراعظم نے ناٹ آؤٹ 110 رنز کی سنچری اسکور کی۔ اس سنچری کے ساتھ بابر نے ٹی ٹوئنٹی میں ایک خاص ریکارڈ بنایا اور ہندوستانی کپتان روہت شرما کی برابری کی۔بابر اعظم کراچی میں انگلینڈ کیخلاف 110 رنز کی شاندار ناقابل شکست سنچری کھیلنے کے بعد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں بطور کپتان دو سنچریاں بنانے والے تیسرے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ ان سے پہلے یہ کارنامہ ہندوستانی کپتان روہت شرما اور سوئٹزرلینڈ کے کپتان فہیم نذیر انجام دے چکے ہیں۔ وہ ان دونوں کے بعد اس کلب میں شامل ہونے والے تیسرے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ اس کلب میں شامل ہونے کے ساتھ ہی بابراعظم نے ٹی ٹوئنٹی میں 8 ہزار رنز بھی مکمل کر لیے ہیں۔ خیال رہے کہ بابر اعظم ایشیا کپ 2022 کے بعد سے اپنی فارم کے ساتھ مشکلات کا شکار تھے۔ انہیں اپنی فارم کی وجہ سے کافی تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ یہی نہیں بلکہ اپنی خراب فارم کی وجہ سے بابر کو آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی بیٹنگ رینکنگ میں پہلی پوزیشن سے بھی محروم ہونا پڑا۔ تاہم ایشیا کپ کے بعد اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل بابر نے انگلینڈ کیخلاف ہوم ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ایک بار پھر شاندار واپسی کی ہے۔ فارم میں واپس آتے ہوئے انہوں نے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں ناقابل شکست 110 رنز بنائے اور پاکستان کو 10 وکٹوں سے میچ جیتنے میں اہم کردار ادا کیا ۔