کانگریس کی سینئر لیڈر جینتی پٹنائک کا انتقال

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 29th Sept.

بھونیشور،29 ستمبر: کانگریس کی سینئر لیڈر اور سابق وزیراعلیٰ جانکی ولبھ پٹنائک کی اہلیہ جینتی پٹنائک (90 سال) کا بدھ کی رات انتقال ہو گیا۔ ان کے آخری وقت میں بیٹا پرتھوی پٹنائک، بہو سسمتا پٹنائک، بیٹی سدتا پٹنائک، داماد سومیرنجن پٹنائک موجود تھے۔ ان کی آخری رسومات آج پوری میں ادا کی جائیں گی۔جینتی پٹنائک کے انتقال پر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا’’ اڈیشہ کے سابق وزیراعلی جے بی پٹنائک کی اہلیہ محترمہ جینتی پٹنائک کے انتقال کی خبر کی سن کر دکھ ہوا۔ وہ سابق رکن پارلیمنٹ اور جانی مانی سماجی کارکن تھیں جنہوں نے اپنی خدمت اور لگن کے ذریعہ ریاست کے لوگوں میں مقبولیت حاصل کی۔ ان کے اہل خانہ، دوستوں اور خیر خواہوں کے تئیں میری ہمدردی ہے‘۔جینتی پٹنائک کی موت پر گورنر پروفیسر گنیشی لال، وزیر اعلیٰ نوین پٹنائک، مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان، ریاستی کانگریس صدر شرت پٹنائک سمیت کئی معززین نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
محترمہ پٹنائک چار مرتبہ رکن پارلیمنٹ رہیں۔ 1981 میں، وہ کٹک لوک سبھا سیٹ سے ضمنی انتخاب جیت کر پہلی بار ایم پی بنیں۔ اس کے بعد دوسری مرتبہ 1984 میں وہ کٹک لوک سبھا سیٹ سے ایم پی بنیں۔ اسی طرح 1996 اور 1998 میں وہ برہم پور لوک سبھا سیٹ سے ممبر پارلیمنٹ بنیں۔
پی وی نرسمہا راوٓ کے دور حکومت میں 1992 میں ملک میں پہلی بار خواتین کمیشن کا قیام عمل میں آیا تھا۔ 1992 سے 1995 تک وہ اس کمیشن کی پہلی چیئرپرسن کے طور پر ذمہ داریاں ادا کیں۔