بھارتی کرنسی میں ریکارڈ گراوٹ، روپیہ 83.08 کی سطح تک پھسل گیا

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 20th Oct.

نئی دہلی، 20 اکتوبر: انڈین کرنسی میں گراوٹ جمعرات کو بھی نظر آ رہی ہے۔ روپیہ آج ایک بار پھر ریکارڈ کم ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ بدھ کو پہلی بار ہندوستانی کرنسی نے ڈالر کے مقابلے میں 83 روپے کی سطح کو عبور کیا تھا۔ تاہم، بعد میں دو پیسے کی ریکوری کے ساتھ، ہندوستانی کرنسی نے بدھ کو 89.99 روپے کی سطح پر کاروبارختم کیا۔ ابتدائی تجارت میں، ہندوستانی کرنسی 9 پیسے گر کر 83.08 روپے فی ڈالر کی ریکارڈ کم ترین سطح پر پہنچ گئی۔
کرنسی مارکیٹ کے ماہرین کا خیال ہے کہ ڈالر انڈیکس میں 0.3 فیصد کی مضبوطی کے باعث دنیا بھر کی کرنسیوں پر دباؤ پہلے سے زیادہ بڑھ گیا ہے جس کی وجہ سے دیگر کرنسیوں کی طرح ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں بھی کمی ہوئی ہے۔ اگر آنے والے دنوں میں ڈالر انڈیکس میں کمی کا رجحان نہیں ہوتا ہے تو ہندوستانی کرنسی کی قیمت 83.80 روپے فی ڈالر تک گر سکتی ہے۔ مارکیٹ کے ماہر مینک موہن کا کہنا ہے کہ روپے میں بہتری کا امکان اسی وقت بن سکتا ہے جب ریزرو بینک ہندوستانی کرنسی مارکیٹ میں اپنے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر سے ڈالر کے بہاؤ میں اضافہ کرے۔
تاہم، ڈالر کے انڈیکس کی مضبوطی کی وجہ سے، یہ اقدام یقیناً روپے کی قدر میں گراوٹ کو فوری طور پر روک سکتا ہے، لیکن جیسے ہی ریزرو بینک کی طرف سے ڈالر کا بہاؤ روکا جائے گا، ویسے ہی روپے کی قدر امیں یک بار پھر کمی کا سلسلہ قائم ہو سکتا ہے۔ ایسی صورتحال میں ریزرو بینک کو کرنسی مارکیٹ میں صرف اس وقت مداخلت کرنی چاہئے جب روپے میں اچانک زبردست گراوٹ کا امکان ہو۔
ڈالر انڈیکس گزشتہ 20 سالوں میں ریکارڈ بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے جس کی وجہ سے دنیا بھر کی بیشتر کرنسیاں ڈالر کے مقابلے میں کمزروی کے ساتھ کاروبارکر رہی ہیں۔ ڈالر انڈیکس کی مضبوطی کے باعث بھارتی کرنسی کے علاوہ برطانوی پاؤنڈ، جاپانی این اور یورپی یونین کی کرنسی یورو ڈالر کے مقابلے میں ریکارڈ سطح پر کاروبار کر رہی ہے۔ راحت کی بات یہ ہے کہ ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں کمی دنیا کی دیگر بڑی کرنسیوں کے مقابلے میں کم ہے۔