Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 3rd Oct۔
رائے پور، 3 اکتوبر:۔ چھتیس گڑھ کے کھلاڑیوں نے فائل ٹیم چیمپئن شپ فینسنگ ( تلوار بازی) میں چاندی کا تمغہ جیتا ہے۔ وزیر اعلی بھوپیش بگھیل اور وزیر کھیل امیش پٹیل نے ٹیم کے کھلاڑیوں کو اس کامیابی پر مبارکباد دی اورنیک خواہشات کا اظہار کیا۔
گجرات کے گاندھی نگر میں منعقدہ قومی کھیلوں میں فینسنگ کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی تیسرے دن یعنی اتوار کو بھی جاری رہی ۔ فائل ایونٹ ٹیم چیمپئن شپ میں چھتیس گڑھ ٹیم کے کھلاڑی درگیش ملند، کے ڈینی سنگھ، ایس ننگ تھومابا، تشار آہر نے کوارٹر فائنل میں بہار کو 45-34 سے ہرا کر سیمی فائنل میں داخلہ لیا۔ سیمی فائنل میں قریبی مقابلے میں ہریانہ کو 45-40 سے شکست دے کر فائنل میں داخلہ حاصل کیا۔ فائنل میچ میں ریاست کے کھلاڑیوں نے جدوجہد کا مظاہرہ کیا۔ دوسرے اور تیسرے راونڈ میں زبردست واپسی کی لیکن طلائی تمغہ نہ جیت سکے۔ ایس ایس سی بی سروسز ٹیم سے 34-45 سے ہارنے کے بعد انہیں چاندی کے تمغے سے مطمئن ہونا پڑا۔
ٹیم کے کوچ وی جانسن سولومن اور پروین کمار گنوارے، ٹیم منیجر اکھلیش دوبے نے بتایا کہ ریاستی فینسنگکے صدر ڈاکٹر ایس بھارتی داسن اور جنرل سکریٹری بشیر احمد خان، ڈائریکٹر اسپورٹس اینڈ یوتھ ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ شویتا سنہا سریواستو، سی ڈی ایم اتل شکلا اور ڈپٹی سی ڈی ایم روپیندر سنگھ چوہان نے جیتنے والے کھلاڑیوں کو مبارکباد دی ہے۔