Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 2nd Oct.
اجزا:خالص گوشت حسب ضرورت حاصل کیجئے۔ چھوٹے بکرے کے گوشت کی بوٹیاں زیادہ مناسب رہیں گی۔ قورمے کے مصالحے بھی خاص طریقے سے پیسیں جائیں تو خاص مزہ دیتے ہیں۔ شاہی قورمے کا مصالحہ سلک کی بجائے ہاون دستے سے بہت باریک کوٹا جاتا ہے اور احتیاط سے رکھ لیا جاتا۔ لیکن آپ عام بازاری مصالحہ بھی استعمال کر سکتے ہیں۔
ترکیب :پکاتے وقت دو ماشہ جوز جوتری اور ایک ماشہ لونگ ،دو ماشہ الائچی خور،د دو ماشہ بھنا ہوا دھنیا، دو ماشہ مرچ سیاہ اور دو عدد مرچ سرخ استعمال کی جائیں۔ پیاز آدھ پائو ، ایک گٹھی لہسن اور اسی کے ہم وزن ادرک کا عرق نکال لیجئے۔ ادرک اصل حالت میں ڈالنے کی چنداں ضرورت نہیں۔ ادرک پیس کر بوٹیوں پر مل دی جائے اور گوشت کو آدھے گھنٹے تک پڑا رہنے دیا جائے۔ پتیلی میں گھی ڈال کر پیاز کو اچھی طرح سرخ کر لیا جائے۔ سیاہ کرنے کی ضرورت نہیں۔ سرخی پیدا ہونے کے ساتھ لہسن کو پیس کر شامل کر دیا جائے اور ڈھک دیا جائے۔پانچ منٹ تک برتن ڈھکا رہے اور پھر ڈھکن کو اٹھا لیا جائے ۔ آدھے گھنٹے تک مناسب پانی کے ساتھ اسے پکنے دیا جائے۔ ٹھیک آدھے گھنٹے بعد بوٹیوں کواس میں سے نکال لیا جائے۔ اور اسے صاف کر کے الگ برتن میں ڈال دیا جا ئے اور اب نمک حسب ضرورت ملا دیا جائے۔ اب گوشت کو اچھی طرح بھونا جائے اور لہسن کے پانی کے برابر چھینٹے دیتے رہیں۔ گوشت سرخ ہو جائے مصالحے شامل کر دئیے جائیں۔ کچھ دیر بھونا جائے۔ اور پانی ملا کر گلا لیا جائے۔ یاد رہے کہ قورمہ کبھی تیز آنچ پر نہیں پکتا۔ گوشت کے گل جانے کے بعد پائو بھر دہی اور آدھ پائو بالائی چھان کر ملا دی جائے۔ چھٹانک بادام کی گری بہت باریک پیس کر شامل کر دی جائیں۔ اس کے بعد گوشت کو ایک بار پھر بھونا جائے۔ آخرمیں زعفران، عرق گلاب اور کیوڑا شامل کر لیا جائے۔