ایران سے چین جانے والے طیارے میں بم کی اطلاع، بھارت نے پیچھے لگائے دو جنگیطیارے

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 3rd Oct۔

تہران/ نئی دہلی/ بیجنگ، 3 اکتوبر:ایران سے چین جانے والے طیارے میں بم کی اطلاع ملتے ہی ایران سے بھارت اور چین میں ہلچل مچ گئی۔ بھارتی فضائیہ میں بم کی اطلاع ملتے ہی بھارتی فضائیہ نے اس طیارے کے پیچھے دو لڑاکا طیارے لگا دیئے ۔ 45 منٹ تک بھارتی سرحد میں رہنے کے بعد مذکورہ طیارہ چین کے لیے روانہ ہوا۔
ایران کے دارالحکومت تہران سے چینی شہر گوانگزو جا رہا مہان ایئر کا طیارہ پیر کی صبح ، جس وقت ہندوستانی فضائی حدود میں پرواز کرر ہا تھا اسی وقت اس طیارے میں بم ہونے کی اطلاع ملی ۔ پاکستان کے لاہور ایئر ٹریفک کنٹرول نے دہلی کے ایئر ٹریفک کنٹرول کو آگاہ کیا۔ اس کے ساتھ ہی پائلٹ نے طیارے کو فوری طور پر دہلی میں اتارنے کی اجازت بھی مانگی۔ دہلی ایئر ٹریفک کنٹرول کی جانب سے طیارے کو پہلے جے پور، پھر چنڈی گڑھ ہوائی اڈے پر اتارنے کے لیے کہا گیا۔ دہلی کی جگہ جے پور یا چنڈی گڑھ اتارنے کی بات سامنے آنے پر طیارہ کے پائلٹ نے طیارے کو چین کی جانب آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا۔ اس درمیا ہندوستانی فضایہ نے دو جنگی طیارے اس کے پیچھے لگا دیئے ۔ ہندوستانی فضائی حدود میں ایرانی طیاروں کی موجودگی کے دوران اس کی مسلسل نگرانی کی گئی۔
بتایا گیا کہ مہان ایئر نے بم کی اطلاع کے حوالے سے دہلی ایئرپورٹ پر ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کیا تھا۔ اس وقت ایئر لائن سروس فراہم کرنے والے نے فلائٹ کے عملے کو مشورہ دیا تھا کہ وہ طیارے کو فوری طور پر دہلی میں اتاریں۔ اس پر دہلی ایئر ٹریفک کنٹرول نے طیارے کو پہلے جے پور اور پھر چنڈی گڑھ منتقل کرنے کا مشورہ دیا لیکن طیارے کے پائلٹ نے انکار کرتے ہوئے بھارتی فضائی حدود چھوڑ دی۔ دوسری جانب طیارے میں بم کی اطلاع ملتے ہی بھارتی سیکیورٹی ادارے الرٹ ہوگئے۔ فوری طور پر بھارتی فضائیہ کو الرٹ کر دیا گیا۔ اس پر پنجاب اور جودھ پور ایئربیس کے دو سخوئی طیارے ایرانی طیارے کے پیچھے لگا دیئے گئے۔ اس کے بعد ایرانی طیارہ تقریباً 45 منٹ تک ہندوستانی فضائی حدود میں رہا۔ اس دوران پورا وقت افرا تفری کی کیفیت رہی۔ اب ملک کے تمام ایئر فورس اسٹیشنوں کو الرٹ کردیا گیا ہے۔ فضائیہ کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کو کہا گیا ہے۔
دریں اثنا، ہندوستانی فضائیہ نے اس پیش رفت کے بارے میں باضابطہ طور پر آگاہ کیا ہے۔ فضائیہ نے کہا کہ 3 اکتوبر 2022 کو ایک ایرانی ایئرلائنر کے طیارے کو اس وقت بم کی دھمکی دی گئی جب وہ ہندوستانی فضائی حدود سے گزر رہا تھا۔ اس کے بعد بھارتی فضائیہ نے طیارے سے محفوظ فاصلے پر رہتے ہوئے طیارے کا پیچھا کیا۔ ایرانی طیارے کو پہلے جے پور اور پھر چنڈی گڑھ میں اترنے کا اختیار دیا گیا تھا، لیکن پائلٹ دونوں ایئرپورٹس پر جانے کے لیے راضی نہیں ہوا۔ کچھ دیر بعد تہران سے رپورٹ آئی کہ بم کے خطرے کو نظر انداز کر دیا گیا ہے۔ اس کے بعد طیارہ اپنی منزل کی طرف روانہ ہوگیا۔ اس دوران، ہندوستانی فضائیہ نے شہری ہوابازی کی وزارت اور شہری ہوابازی کی سیکورٹی کے بیورو کے مشترکہ طور پر طے شدہ طریقہ کار کے مطابق نگرانی کی کارروائیاں کیں۔ ہندوستانی فضائیہ نے طیارے کے ہندوستانی فضائی حدود میں رہنے تک مکمل نگرانی کی۔