بجرنگ پونیا نے وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کی

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 1st Oct.

نئی دہلی ، یکم اکتوبر: اولمپک اور ورلڈ ریسلنگ چمپئن شپ میں کانسہ کا تمغہ جیتنے والے بجرنگ پونیا نے ہفتہ کو وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کی۔سربیا کی راجدھانی بلغرادیہ میں ورلڈ ریسلنگ چمپئن شپ میں کانسہ کا تمغہ جیتنے کے بعد وزیر داخلہ سے یہ ان کی پہلی ملاقات تھی۔ بجرنگ نے اس سال برمنگھم میں کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ جیتا تھا۔بجرنگ نے ٹویٹ کیا ’ ملک کے مشہور وزیر داخلہ امت شاہ جی سے ملاقات ہوئی، کھیلوں پر بات کرنا بہت اچھا لگا ، ہمیشہ آپ کا آشیرواد ملتا رہے، ان کی طرف سے دی گئی رہنمائی ہمیشہ ملک کے لیے بہتر کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔ جئے ہند جئے بھارت۔
ہندوستانی پہلوان اور اولمپک تمغہ جیتنے والے بجرنگ پونیا نے حال ہی میں ورلڈ ریسلنگ چمپئن شپ 2022 میں مردوں کے 65 کلوگرام زمرے میں پورٹو ریکو کے سیباسٹین سی رویرا کو شکست دے کر کانسہ کا تمغہ جیتا۔ انہوں نے رویرا کو 11-9 سے شکست دی۔ حال ہی میں کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والے پہلوان نے وی پی او1 پوائنٹ اور مخالف کے اسکور کی بنیاد پر جیتا ہے۔ 2013 میں کانسہ کے تمغے کے ساتھ اپنے سفر کا آغاز کرتے ہوئے چمپئن شپ میں پونیا کا یہ چوتھا تمغہ ہے۔یہ 2022 ورلڈ ریسلنگ چمپئن شپ میں ہندوستان کا دوسرا تمغہ تھا ، پہلا تمغہ ونیش پھوگاٹ نے جیتا تھا۔ چمپئن شپ 10 ستمبر کو شروع ہوئی اور 18 ستمبر کو ختم ہوئی۔