جی ایس ٹی وصولی میں پھر اضافہ ، ستمبر میں 1.47 لاکھ کروڑ روپے سے تجاوز

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 1st Oct.

نئی دہلی ، 01 اکتوبر:معاشی محاذ پر حکومت کے لیے اچھی خبر ہے۔ ستمبر کے مہینے میں اشیا اور خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) کی آمدنی 1.47 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ رہی ہے۔ یہ لگاتار ساتواں مہینہ ہے جب جی ایس ٹی کی آمدنی 1.40 لاکھ کروڑ روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔
وزارت خزانہ نے ہفتہ کو جاری کردہ اعداد و شمار میں کہا کہ ستمبر میں جی ایس ٹی کی آمدنی گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 26 فیصد بڑھ کر 1,47,686 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے۔ اس میں مرکزی جی ایس ٹی 25,271 کروڑ روپے ہے ، ریاستی جی ایس ٹی 31,813 کروڑ روپے ہے ، انٹیگریٹڈ جی ایس ٹی 80,464 کروڑ روپے ہے ( سامان کی درآمد پر جمع کیے گئے 41,215 کروڑ روپے سمیت ) اور سیس 10,137 کروڑ روپے ہے (بشمول سامان کی درآمد پر جمع کیے گئے 856 کروڑ روپے )۔
قابل ذکر ہے کہ سرکاری طور پر ستمبر میں جی ایس ٹی کی وصولی 1.47 لاکھ کروڑ روپے ہونے کی امید تھی۔ مارچ سے اب تک جی ایس ٹی کی آمدنی 1.40 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ ہو چکی ہے ، لیکن اپریل میں، جی ایس ٹی کی وصولی 1.68 لاکھ کروڑ روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ اس کے بعد مئی میں یہ 1.41 لاکھ کروڑ روپے رہی ، جب کہ جون میں یہ 1.44 لاکھ کروڑ روپے تھی۔ اسی طرح جولائی میں جی ایس ٹی کی وصولی 1.49 لاکھ کروڑ روپے تھی اور اگست 2022 میں 1.43 لاکھ کروڑ روپے تھی۔