سمندری سرحد عبور کرنے پر پاکستان نے 16 بھارتی ماہی گیروں کو پکڑا

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 1st Oct.

اسلام آباد، یکم اکتوبر:۔ پاکستانی سمندری حدود میں داخل ہونے پر پاکستان نے 16 بھارتی ماہی گیروں کو گرفتار کر لیا ہے اور دو کشتیاں ضبط کی ہیں۔ پاکستانی حکام نے اس کی تصدیق کی ہے۔ پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی (پی ایم ایس اے) نے کہا کہ اس کے ایک جہاز نے منگل کو پاکستان کے سمندری علاقوں میں معمول کی نگرانی کے دوران 16 بھارتی ماہی گیروں کو گرفتار کیا اور دو بھارتی کشتیاں قبضے میں لے لیں۔
پی ایم ایس اے نے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی کشتیوں کو سمندر میں پاکستانی قانون اور اقوام متحدہ کے قانون کی خلاف ورزی کے الزام میں پکڑا گیا۔ ابتدائی تفتیش کے بعد کشتیوں کو کراچی لے جایا گیا اور مزید قانونی کارروائیاں مکمل کرنے کے لیے پکڑے گئے ماہی گیروں کوڈاکس پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔پی ایم ایس اے کے جہاز، طیارہ اور کشتیاں مقامی ماہی گیروں کے مفادات کے تحفظ کے لیے پاکستان کے سمندری علاقوں میں باقاعدگی سے گشت اور نگرانی کرتے ہیں، جبکہ اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ کوئی بھی غیر ملکی ماہی گیری کے جہاز ملک کے خصوصی اقتصادی زون (ای ای جے ڈی) میں داخل نہ ہوں۔
غور طلب ہے کہ پاکستان اور بھارت باقاعدگی سے ایک دوسرے کے ماہی گیروں کو سمندری حدود کی خلاف ورزی پر گرفتار کرتے رہتے ہیں۔