سچن تیندولکر کی انڈیا لیجنڈز نے فائنل میں سری لنکا کو 33 رن سے شکست دے کر دوسری بار ٹائٹل جیت لیا

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 2nd Oct.

نئی دہلی ،02اکتوبر: انڈیا لیجنڈز نے روڈ سیفٹی ورلڈ سیریز 2022 کے فائنل میچ میں سری لنکا لیجنڈز کو 33 رنز سے شکست دے کر دوسری بار ٹائٹل جیت لیا۔ رائے پور کے شہید ویر نارائن سنگھ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت نے نمن اوجھا کی سنچری کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے۔ جواب میں سری لنکا کی ٹیم 18.5 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز ہی بنا سکی۔
دونوں ٹیمیں پہلے ایڈیشن کے فائنل میں بھی آمنے سامنے تھیں جہاں انڈیا لیجنڈز نے سری لنکا لیجنڈز کو 14 رنز سے شکست دے کر پہلا ٹائٹل اپنے نام کیا۔
196 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتی رہی جس کی وجہ سے ٹیم کو ہدف حاصل کرنا مشکل ہوگیا۔ دوسرے اوور میں جے سوریا 5 کے ذاتی سکور پر آؤٹ ہو گئے۔ کپتان تلک رتنے دلشان 15 گیندوں پر 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ گنارتنے نے 17 گیندوں میں 19 رنز بنائے۔ تھرنگا 10 رنز بنا سکے۔ جیون مینڈس نے 11 گیندوں پر 20 رنز بنائے۔ ایشان جے رتنے نے 22 گیندوں پر 51 رنز بنائے۔
اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انڈیا لیجنڈز نے نمن اوجھا کی شاندار سنچری کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے۔ بھارت کی جانب سے اوپنر نمن اوجھا نے 108 رنز بنائے۔
سچن تیندولکر نے فائنل میں ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن وہ خود پہلی ہی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔ سریش رینا بھی زیادہ دیر کریز پر نہیں ٹھہرے اور 2 گیندوں پر 4 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد ونے کمار نے نمن اوجھا کے ساتھ نصف سنچری شراکت داری کی۔ ونے 36 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 21 گیندوں میں 4 چوکے اور 1 چھکا لگایا۔ یووراج سنگھ نے 13 گیندوں میں 19 رن بنائے۔ انہوں نے 2 چوکے اور 1 چھکا لگایا۔ سری لنکا کی جانب سے نووان کولاسیکرا نے تین وکٹیں حاصل کیں۔