صدرجمہوریہ،نائب صدر نے مہاتماگاندھی اور لال بہادر شاستری کو پیش کیا خراج عقیدت

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 2nd Oct.

نئی دہلی، 02 اکتوبر:صدرجمہوریہ دروپدی مرمو اور نائب صدرجمہوریہ جگدیپ دھنکڑ نے مہاتما گاندھی اور سابق وزیراعظم لال بہادر شاستری کو ان کی سالگرہ پر خراج عقیدت پیش کی۔ مرمو اور دھنکڑ نے راج گھاٹ جاکر مہاتماگاندھی اور بعد میں وجے گھاٹ جاکر شاستری جی کی میموریئل پر خراج عقیدت پیش کیا۔ گاندھی جی کی یوم پیدائش کو عدم تشدد کے بین الاقوامی دن کے طور پر عالمی سطح پر منایا جاتا ہے۔ انہوں نے سماجی یا سیاسی تبدیلی کے حصول کیلئے عدم تشدد کے اپنے فلسفے پر زور دیا۔ اس موقع پر ہندوستان اور پوری دنیا میں متعدد تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ اس سے قبل وزیراعظم نریندرمودی نے راج گھاٹ اور وجے گھاٹ پر باالترتیب گلہائے عقیدت نذر کئے۔ دو اکتوبر 1869 کو گجرات کے پوربندر قصبے میں پیدا ہوئے مہاتماگاندھی یا موہن داس کرمچند گاندھی نے برطانوی آبادیاتی نظام کے خلاف آزادی کی جدوجہد کے محاذ پر عدم تشدد مزاحمت کو اپنا یا۔ انہوں نے 1947 میں اپنے ملک کو آزادی دلائی۔ 1904 میں اترپردیش میں پیدا ہوئے شاستری جی ہندوستان کے دوسرے وزیراعظم تھے اور انہوں نے 1964 سے 1966 تک اپنی خدمات انجام دی۔پاکستان کے ساتھ تاشقند معاہدے کے بعد گیارہ جنوری 1966 میں61سال کی عمر میں تاشقند میں ان کا انتقال ہوا۔