وندے بھارت ایکسپریس: بھنیس سے ٹکرانے کے بعد انجن کے اگلے حصہ کے پرخچے اُڑ گئے

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 6th Oct۔

ممبئی، 6ستمبر: ممبئی سے گاندھی نگر کے درمیان چلنے والی بھارت کی تیز ترین ٹرین وندے بھارت آج حادثے کا شکار ہو گئی۔ یہ حادثہ صبح 11.15 بجے پیش آیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ ٹرین کے آگے بھینسوں کا غول آ گیا تھا۔ واتوا اسٹیشن سے منی نگر جانے والی ٹرین بھینسوں کے جھنڈ کے سامنے آگئی۔ حادثے میں انجن کے اگلے حصے کوشدید نقصان پہنچا ہے ، اس کے پرخچے اڑ گئے ہیں ، جس کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے اور صارفین چٹکیاں لے رہے ہیں۔یہ جانکاری ویسٹرن ریلوے کے سینئر پی آر او جے کے جینتی نے دی ہے۔واضح ہو کہ پی ایم مودی نے حال ہی میں اس ٹرین کا افتتاح کیا تھا۔ ریلوے کے پی آر او پردیپ شرما نے کہا کہ اس واقعہ سے بہت کم نقصان ہوا ہے۔ ٹرین کے آپریشن پر کوئی اثر نہیں ہے۔ ٹرین اپنے مقررہ وقت پر چل رہی ہے۔شرما نے کہا کہ ٹرین کے اگلے حصے کے ٹوٹے ہوئے حصے کی مرمت کی جائے گی۔ ٹرین وقت پر چلائی جائے گی۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ گجرات میں گائے اور بھینسیں پالنے والے وندے بھارت کے ٹائم ٹیبل سے واقف نہیں ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بھینسوں کا غول پٹریوں پر آگیا۔ اب انہیں آگاہ کرنے کے لیے مہم چلائی جائے گی۔ہندوستان کی جدید ترین اور اختراعی خصوصیات سے لیس اس وندے بھارت ٹرین کو 30 ستمبر کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا گیاتھا۔ اس ٹرین کی رفتار 180 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہے لیکن فی الحال اسے 130 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلایا جا رہا ہے۔