ڈالر کے سامنے روپیہ پھر دھڑام، روپیہ اب تک کی کم ترین سطح 81.94 پر بند ہوا

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 6th Oct۔

ممبئی، 6ستمبر:ڈالر کے مقابلے روپے کی گراوٹ بے تکان جار ی ہے ۔ جمعرات کو کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے روپیہ تاریخی گراوٹ کے ساتھ بند ہوا۔ خام تیل کی قیمتوں میں مضبوطی کے بعد ڈالر کی مانگ میں اضافہ کی وجہ سے روپیہ 32 پیسے گر کر امریکی ڈالر کے مقابلے 81.94 پر اپنی اب تک کی کم ترین سطح پر بند ہوا ہے۔صبح کے کاروبار میں روپیہ 81.52 کی سطح پر کھلا تھا۔ لیکن خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کی وجہ سے روپیہ دباؤ میں تھا۔ ٹریڈنگ کے دوران روپیہ 81.51 کی اونچائی اور 81.94 کی کم ترین سطح پر بھی دیکھا گیا۔ کرنسی مارکیٹ کے اختتام پر روپیہ 81.94 روپے فی ڈالر کی اب تک کی کم ترین سطح پر بند ہوا۔ اس طرح گزشتہ کاروباری دن کے مقابلے روپے کی قدر میں 32 پیسے کی زبردست گراوٹ ریکارڈ کی گئی۔ منگل کو روپیہ 81.62 فی ڈالر پر بند ہوا تھا۔موتی لال اوسوال فائنانشل سروسز کے فاریکس اور بلین تجزیہ کار گورانگ سومیا نے کہا کہ منگل کو روپے میں کچھ مضبوطی دیکھی گئی تھی لیکن آج یہ پھر دباؤ میں آ گیا۔ امریکی ڈالر کی مضبوطی کے باعث روپے کی قدر میں کمی دیکھی گئی۔ درحقیقت امریکہ میں سروسز PMI اور نجی ملازمتوں کے بارے میں توقع سے بہتر ڈیٹا نے ڈالر کو مضبوط کیا۔ سومیا نے کہا کہ یورو اور پاؤنڈ میں بھی ڈالر کے مقابلے میں اونچی سطح پر فروخت کا دباؤ دیکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اب نظریں یورپی مرکزی بینک (ECB) کے اجلاس کی تفصیلات پر ہوں گی۔سومیا نے کہا کہ امریکی ڈالر کے مقابلے روپے کی اسپاٹ قیمت 81.20 سے 82.05 کی حد میں رہنے کی امید ہے۔تاہم بھارت کو دوہری چیلنجز کا سامنا ہے۔