10 لاکھ مالیت کے گیہوں لدے ٹرک کو پولیس نے کیا برآمد، ٹرک سمیت ایک گرفتار

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 6th Oct۔

موتیہاری، 6 اکتوبر: ضلع کے گووند گنج تھانہ علاقے سے لوٹ لئے گئے گیہوں سے لدے ٹرک کو پولیس نے صرف تین گھنٹے میں برآمد کر لیا ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق ٹرک لوٹ کے واقعہ کو ٹرک کے خلاصی اور پنچایت سمیتی ممبر کے بیٹے نے مل کر انجام دیا تھا۔
بتایا جارہا ہے کہ ٹرک پر تقریباً 10 لاکھ روپے مالیت کا گیہوں لوڈ تھا۔ جسے ہرسدھی کے گائے گھاٹ سے لوڈ کرکے حاجی پور فلور مل لے جایا جا رہا تھا، لیکن دسہرہ کی چھتی ہونے کی وجہ سے مل بند ہونے سے ڈرائیور گووند گنج تھانہ علاقہ کے رڑھیا چوک کے قریب ٹرک لگا کر گھر کھانا کھانے چلا گیا۔ اسی دوران ٹرک کا خلاصی گاوٓں کے ایک نوجوان کے ساتھ مل کر ٹرک کو لوٹ کر فرار ہوگیا۔ حالانکہ ٹرک میں لگے جی پی ایس کی مدد سے لوٹے گئے ٹرک سمیت خلاصی کو ہرسدھی تھانہ علاقہ کے قطب پور اسکول کے قریب سے برآمد کر لیا۔
گووند گنج تھانہ پولیس خلاصی سمیت لوٹ میں شامل پنچایت سمیتی کے بیٹے پر ایف آئی آر درج کر کے کارروائی میں مصروف ہے۔ گووندگنج تھانہ انچارج وجے کمار نے بتایا کہ رات 9 بجے کے قریب گیہوں لدے ٹرک غائب ہونے کی اطلاع ملی۔ جس کے بعد فوراً کارروائی کرتے ہوئے ٹرک میں لگے جی پی ایس کی مدد سے لوکیشن پر ٹرک کا پیچھا کیا گیا۔ اس کے بعد پولیس نے صرف تین گھنٹے کیاندر گیہوں ان لوڈ ہونے سے قبل ہی ہر سدھی تھانہ علاقہ کے قطب پور اسکول کے قریب سے برآمد کر لیا۔ ساتھ ہی ٹرک کے خلاصی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ جبکہ لوٹ میں شامل دوسرا نوجوان فرار ہونے میں کامیاب رہا۔
گرفتار نوجوان قطب پور گاوٓں کا شتروگھن یادو بتایا جا رہا ہے جو ٹرک پر خلاصی کا کام کرتا تھا۔ وہیں پوچھ گچھ میں نوجوان نے اپنے ساتھی کا نام گاوٓں کا ہی منٹو یادو بتایا۔ جو پنچایت سمیتی ممبر کا بیٹا بتایا جا رہا ہے۔ ڈرائیور کے بیان پر ایف آئی آر درج کرنے کے بعد خلاصی کو عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی پولیس مفرور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھا پہ مار ی میں مصروف ہے۔